کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے پی ٹی آئی حکومت کی دو سالہ کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آٹا چینی کی قیمتوں میں اضافہ سمیت مہنگائی نے عوام کو دن میں تارے دکھا دیئے ہیں۔ لوگوں کے پاس جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔ کورونا وبا میں جب لوگ خوف کے عالم میں اپنے گھروں پر محصور تھے تو جماعت اسلامی اور الخدمت کے کارکنان ان کی دلجوئی و خدمت میں مصروف تھے۔ کشمیر پربھارت کے غاصبانہ قبضے اورحکمرانوں کی بے حسی کے خلاف 5 اگست یوم سیاہ کے حوالے سے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں ایس او پیز کے تحت احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ مرکزی نائب امراء اسداللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، صوبائی امیر محمد حسین محنتی ودیگر صوبائی و مقامی ذمہ داران بھی ساتھ موجود تھے۔ صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے مرکزی امیر کو سندھ کی سیاسی صورتحال، دعوتی تنظیمی اور فلاحی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی نے الخدمت کے تحت 25 کروڑ سے زائد کی مالیت کا راشن، ماسک سمیت دیگر سامان کراچی تاء کشمور لاک ڈائون سے متاثرہ عوام میں تقسیم کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مہنگائی کے خاتمے روزگار کی فراہمی اور عام آدمی کا معیار بلند کرنے تک پی ٹی آئی حکومت نے جتنے بھی وعدے کئے ان میں سے اب تک کوئی ایک بھی پورا نہیں کیا۔