• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زندگی ہمارے جذبات کا ایک مجموعہ ہے، مایا علی

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ مایا علی کی جانب سے مداحوں کے لیے زندگی سے متعلق ایک معنی خیز پیغام سامنے آیا ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مایا علی نے اپنی ایک تصویر پوسٹ کی، اداکارہ کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی تصویر میں دیکھاجاسکتا ہے کہ کمرے میں اندھیرا ہے جبکہ مایا علی کے ہاتھ میں جلتی موم بتی سے اُن کا چہرہ روشن ہو رہا ہے۔


مایا علی نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں مداحوں کو زندگی سے متعلق اہم معلومات سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’زندگی ہمارے اُن جذبات کا مجموعہ ہے جو ہم روزانہ محسوس کرتے ہیں جن سے کبھی ہم لطف اندوز ہوتے ہیں تو کبھی ہم اُن احساسات سے دور بھاگنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’اُن جذبات کی وجہ سے بعض اوقات ہم خوش ہوتے ہیں اور کبھی روتے بھی ہیں لیکن یہ بات یاد رکھیں کہ وقت کبھی بھی ایک جیسا نہیں رہتا، اگر آپ ناکامی کا سامنا کرکے گِر جاتے ہیں تو دوبارہ کھڑے ہوں، کوشش کیجیے اور اچھے دنوں کی اُمید رکھیے کیونکہ اس سے آپ کو زندہ رہنے کی طاقت ملے گی۔‘

اُنہوں نے زندگی کے سکھائے گئے اسباق کے حوالے سے کہا کہ ’زندگی انسان کو بہت سے سبق سکھاتی ہے لیکن بدقسمتی سے انسان صرف وہی سبق سیکھتا ہے جو وہ سیکھنا چاہتا ہے یا جس سے اُس کو فائدہ ملے۔‘

مایا علی نے عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’کچھ ماہ پہلے تک حالات بہت اچھے تھے، سب خوش تھے اور اپنی اپنی زندگی میں مصروف تھے کہ اچانک عالمی وبا پھیل گئی اور سب کچھ بدل گیا بلکہ بدترین ہوتا گیا لیکن اس مشکل گھڑی میں بھی ہم سب نے اُمید کا دامن نہیں چھوڑا اور آج پوری دُنیا ملکر اس وبا سے لڑ رہی ہے۔‘

آخر میں اداکارہ نے مداحوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اپنی زندگی کے ہر لمحے کو زندہ رکھیں، خود سے پیار کریں اور ہمیشہ اپنے دل میں اُمید کی کھڑکی کھول کر رکھیں کیونکہ اس سے آپ کو طاقت ملے گی اور آپ کی زندگی میں امن و سکون بھی قائم رہے گا۔‘

مایا علی کی معنی خیز پوسٹ کو صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے اور اب تک ایک لاکھ 29 ہزار سے زائد صارفین اُن کی اس پوسٹ کو لائک کرچکے ہیں۔

تازہ ترین