راولپنڈی کے تھانہ چونترہ کے علاقے میال میں خواتین اور بچوں کے قتل کے ملزمان کی گرفتاریاں جاری ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق پولیس نےدو روز قبل فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پانچ خواتین اورچار بچوں کے قتل کے 2 مرکزی ملزمان سمیت 4 مزید ملزمان گرفتار کرلیے ہیں، گرفتار مرکزی ملزمان میں رب نواز کے 2 بیٹے دانش اور اکرام شامل ہیں۔
سی پی او راولپنڈی کا کہنا ہے کہ رب نواز کے بھائی اشرف اور بھتیجے عاقب کو بھی گرفتار کرلیا ہے، گرفتار مرکزی ملزم دانش نے خواتین اور بچوں کےقتل کا اعتراف کرلیا۔
گرفتار مرکزی ملزم دانش نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ اُس نے اپنی ماں کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے خواتین اور بچوں کو قتل کیا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق نامزد ملزمان میں سے 6 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہےجبکہ مرکزی ملزم رب نواز اور دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل راولپنڈی میں تھانہ چونترہ کی حدود گاؤں میال میں دیرینہ دشمنی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ خواتین اور چار بچوں سمیت نو افراد قتل کر دیئے گئے تھے۔
پولیس کے مطابق اس واقعے سے قبل بھی اظہر اور رب نواز گروپ کے درمیان فائرنگ سے ایک خاتون جان سے گئی تھی۔