• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی: ملزمان دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئے، عینی شاہد بچی


راولپنڈی کے علاقے چونترہ واقعے کی عینی شاہد بچی نے کہا ہے کہ ملزمان دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئے۔

عینی شاہد بچی نے کہاکہ گھر میں داخل ہونے والے افراد نے فائرنگ کرکے اس کی والدہ اور دیگر افراد کو قتل کیا۔

بچی نے مزید کہا کہ میں نے چار پائی کے نیچے چھپ کر اپنی جان بچائی، اُس وقت گھر میں کوئی مرد موجود نہیں تھا۔

ملزمان کے فرار ہونے کے بعد علاقے کے لوگ جائے وقوعہ پر پہنچے، جیو نیوز نے صحافتی اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے بچی کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

واقعے میں قتل کیے گئے 9 افراد کی میتیں آبائی علاقے منتقل کردی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز راولپنڈی میں تھانہ چونترہ کی حدود گاؤں میال میں دیرینہ دشمنی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ خواتین اور چار بچوں سمیت نو افراد قتل کر دیئے گئے تھے۔

پولیس نے اس کیس میں چار افراد کو حراست میں لیا ہے تاہم مرکزی ملزمان رب نواز اور اس کا بیٹا دانش ابھی تک مفرور ہیں، پولیس مرکزی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

لواحقین نے 9 افراد کی میتیں آبائی علاقے میال پہنچادی ہیں، دوسری طرف سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں، واقعے کو پچھلے واقعات سے نہ جوڑا جائے۔

لواحقین نے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کردیا، ورثا کا کہنا ہے کہ مخالفین نے اپنے خاندان کی خاتون کا خود قتل کیا اور ہم پر الزام لگایا۔

ورثا کے مطابق مخالفین نے کرائے کے قاتل اور اشتہاری ملزمان سے قتل کرائے، ان کے 3،3 سال کے بچوں تک کو نہ چھوڑا۔

تازہ ترین