کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ جن لوگوں نے ملک کوبیدردی سے لوٹا انکا احتساب ہونا چاہئے،تجزیہ کار شہزاد اقبال نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت کمپرومائز نظر آرہی ہے اور یہ باعث تشویش بھی ہے، ’جیوپاکستان‘میں شاعرعنایت علی خان کے انتقال پر اظہار افسوس،خراج عقیدت پیش کیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری حتی الامکان کوشش ہے کہ ہم مل بیٹھ کر وہ قوانین جس کی کہ ہم سب کو ضرورت ہے اس کو دیکھیں تاکہ اس کے اثرات بھی دیرپا ہوں ، حکومتیں تو آتی جاتی رہتی ہیں قانون سازی میری رائے میں ایسی ہونی چاہئے جو مسلمہ ہو اور جس کا بلاتفریق سب کو فائدہ ہو ۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سیکورٹی سے متعلق قوانین نیب کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر اپوزیشن کے سامنے رکھ دیاہے ،تاہم خواہش ہے کہ جن لوگوں نے اس ملک کو بے دردی سے لوٹا ہے ان کا احتساب ہونا چاہئے ۔اینکر پرسن شہزاد اقبال کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت اس وقت مکمل کمپرومائز نظر آرہی ہے اور یہ بات یقینی طو رپر باعث تشویش بھی ہے کیونکہ جب قیادت ہی سامنے نہیں آئے گی تو پارٹی بھرپور طریقے سے اپوزیشن نہیں کرسکے گی ۔ بظاہر ایسا لگ رہاہے کہ ن لیگ نے جو حالات ہیں ان سے سمجھوتہ کرلیا ہے اور ن لیگ کا ایسا کوئی ارادہ نظر نہیں آرہاہے کہ وہ حکومت کو دھکا دیں گے ۔ وہ سمجھ رہے ہیں کہ دیوار گررہی ہے مگر وہ اس گرتی دیوار کو دھکا دینے کی کوشش نہیں کریں گے اور اس کی ایک بڑی وجہ یہی ہے کہ اس پر سمجھوتہ کرلیاگیا ہے۔