کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹ کیخلاف شوگر ملز مالکان کی درخواست کی سماعت کیلئے اسپیشل بینچ تشکیل دینے کیلئے معاملہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو ارسال کردیا۔ عدالت نے درخواست کی مزید سماعت غیر معینہ تک ملتوی کردی ہے۔ منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے خلاف شوگر ملز مالکان کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران شوگر ملز مالکان کی جانب سے سینئر وکیل مخدوم علی خان اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان کاشف پراچہ پیش ہوئے۔ سندھ ہائیکورٹ نے شوگر کمیشن انکوائری رپورٹ پر حکم امتناع جاری کیا تھا، سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت اور دیگر کو شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر عملدرآمد سے روکنے کا سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کررکھا ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ چینی انکوائری کمیشن قانون کے مطابق تشکیل نہیں دیاگیا، انکوائری کمیشن کے ممبران پہلی انکوائری میں بھی شامل تھے، ممبران شوگر ملز مالکان کے پہلے ہی زہن بنا چکے تھے، چینی انکوائری کمیشن شامل ممبران جانبداری کا مظاہرہ کیا، کسی بھی درخواست گزار کو معلومات اور وضاحت نہیں لی گئی، شوگر کمیشن کی رپورٹ کے بعد یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ تمام شوگر ملز غیر قانونی کام کررہی ہیں۔