• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارش کے بعد کراچی کی حالتِ زار پر فنکار پریشان

کراچی میں مون سون کی بارشوں کے باعث شہر کے ابتر حالات دیکھ کر فنکار بھی پریشان ہوگئے جس کا اظہار وہ اپنے سوشل میڈیا پیغامات پر کر رہے ہیں۔

اداکارہ عائشہ عمر اور فلم اسٹار علی رحمٰن خان نے شہر قائد کی حالت زار دیکھ کر اپنی اپنی پریشانی بیان کرنے سوشل میڈیا پر آئے اور کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر کی یہ حالت دیکھ کر دل غمگین ہوجاتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عائشہ عمر نے لکھا کہ کراچی کے موجودہ مناظر دل دہلا دینے والے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ مجھے بارش پسند ہے اور میں اس موسم سے بھی محبت کرتی ہوں لیکن یہ سوچ کر میرے روح کانپ جاتی ہے کہ اس سے میرے شہر کے لوگوں پر کیا گزرتی ہے۔

عائشہ عمر نے لکھا کہ یہ سب دل دہلا دینے والا ہے، اور سب سے بڑے شہر کے ساتھ نا انصافی ہے۔

دوسری جانب فلم اور ٹی وی اداکار علی رحمٰن خان نے لکھا کہ ’جہاں تک مجھے یاد ہے روشنیوں کے شہر میں جب بھی بارش ہوتی ہے اسے ایسے ہی نامساعد حالات سے گزرنا پڑتا ہے۔‘

علی رحمن خان نے سوال اٹھایا کہ کیسے ملک کے سب سے بڑے شہر میں منصوبہ بندی اور ترقی کا اس قدر فقدان ہوسکتا ہے؟۔

انہوں نے لکھا کہ ہم اس کا جواب جانتے ہیں، اور خواہش کرتے ہیں کہ کراچی کے یہ حالات جلد از جلد تبدیل ہوں۔

اس سے قبل وسیم اکرم بھی بارش کے بعد کراچی کی صورتحال پر غمزدہ نظر آئے تھے اور کہا کہ شہر کو ایک بار پھر ڈوبا دیکھنے پر کوئی حیرت نہیں ہے۔

اپنے سوشل میڈیا پر پیغام میں وسیم اکرم نے سوال کیا کہ کیا بارش میں ڈوبے شہر کی یہ حالت ہمیں نیند سے جگانے کی گھنٹی ہے؟ کراچی میں نکاسی آب ایک حل طلب مسئلہ حل ہے۔ ہمیں اپنے خوبصورت شہر کو دوبارہ ٹھیک کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ کراچی میں بارش کے باعث متعدد علاقوں میں کہیں پانی جمع ہے تو کہیں کیچڑ اور غلاظت نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں صفائی کے لیے کے ایم سی کا عملہ کہیں نظر نہیں آیا، کراچی میں بارش کے بعد لیاقت آباد میں گجرنالہ اوور فلو ہو گیا جس سے اطراف کی آبادیوں میں پانی داخل ہو گیا۔

تازہ ترین