• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرشکیل الرحمان کی غیرقانونی گرفتاری کیخلاف ملک بھر میں احتجاج


جنگ جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف ملک گیر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کے لیے کراچی، راولپنڈی، کوئٹہ، پشاور، بہاولپور اور نوابشاہ میں احتجاج کیا گیا، جس میں مظاہرین نے جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف کی جلد از جلد رہائی کا مطالبہ کیا۔

جنگ جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف کراچی میں احتجاج کاسلسلہ جاری ہے۔

احتجاجی کیمپ میں شریک کرکٹ ایسوسی ایشن کے آفیشلز انجینئر عارف وحید، افضل قریشی اور ڈاکٹر عارف نے میر شکیل الرحمٰن کی غیر قانونی گرفتاری کی شدید مذمت کی۔

سینئر صحافی شکیل یامین کانگا کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کو صرف ذاتی عناد پر گرفتار کیا گیا ہے۔

مظاہرے سے سیکریٹری جاوید پریس رانا محمد یوسف، سیکریٹری دی نیوز ایمپلائز یونین دارا ظفر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

راولپنڈی میں جنگ بلڈنگ کے  باہر صحافیوں اور سول سوسائٹی نے احتجاج کیا، سیکرٹری جنرل آر آئی یو جے آصف علی بھٹی، سینئر صحافی لئیق شوکت، رانا غلام قادر اور چیئرمین جوائنٹ رہائی ایکشن کمیٹی ناصر چشتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف جنگ جیو بلکہ تمام صحافی برادری میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف یک آواز ہے۔

کوئٹہ میں جنگ بلڈنگ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کو ساڑھے 3 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا ہے، ان کو رہا نہ کرنا ظلم اور ناانصافی ہے۔

پشاور میں ہونے والے احتجاج میں ملازمین اور صحافیوں نے شرکت کی، مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حق اور سچ کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا ۔

بہاول پور میں صحافیوں نے پریس کلب پر احتجاج کیا اور ریلی نکالی، ادھر نواب شاہ میں تاجروں نے کلاتھ مارکیٹ کے سامنے مظاہرہ کیا۔

تازہ ترین