• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور :ویسٹ مینجمنٹ ملازمین کی ہڑتال ، شہر کچرا کنڈی بن گیا


لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملازمین کی ہڑتال کے باعث شہر کے کئی علاقے کچرا کنڈی کا منظر پیش کرنے لگے، کئی روز سے صفائی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو بدبو اور گندگی نے پریشان کر دیا۔

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر کئی روز سے ہڑتال کر رکھی ہے جس کے سبب شہر میں صفائی کا کام بھی رک گیا ہے۔

کینال روڈ، صحافی کالونی ،گلبرگ ،شادمان اور حبیب اللہ روڈ پر کچرے کے انبار لگ گئے۔کئی علاقے کچرا کنڈی کا منظر پیش کرنے لگے، مقامی رہائشی، راہگیر سبھی بدبو اور گندگی سے پریشان ہیں جبکہ شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ کچرا کئی کئی دن پڑا رہتا ہے لیکن صفائی کرنے کوئی نہیں آتا۔

دوسری جانب ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی شاہزیب حسنین کا کہنا ہے کہ ملازمین نے تنخواہوں کی ادائیگی کے بعد ہڑتال ختم کردی ہے، صفائی آپریشن شروع کر دیا ہے، جلد کچرا ہٹا دیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ عید پر جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے تاحال شہریوں میں ویسٹ بیگ تقسیم نہیں کیے گئے۔

تازہ ترین