تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈلز : فرح خان،مہرو شیخ،ثنیہ اقبال
ملبوسات:فِٹ وئیر کلیکشن بائے عمران ملک اینڈ مے سون کلیکشن
آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر
عکّاسی:ایم کاشف لے آئوٹ: نوید رشید
ربِّ کریم نے اُمّتِ مسلمہ کے لیے عید الفطر اور عیدالاضحی کے دونوں ہی تہوار ذکر، شُکر اور تفریحات کے لیے مخصوص فرمائے ہیں، تاکہ مِل جُل کے کچھ حسین لمحوں سے خوشیاں کشید کی جاسکیں۔ میٹھی عید کے بعد فطری طور پر بڑی عید کا انتظار رہتا ہے کہ ایک بار پھر اہلِ خانہ، دوست احباب مل بیٹھ کر خوش گوار ماحول میں کچھ گپ شپ کریں، کچھ اپنی کہیں اور کچھ دوسروں کی سُنیں کہ یہی وہ فطری جذبات و احساسات ہیں، جن سے رشتے پروان چڑھتے ہیں۔ عیدِ قرباں کے موقعے پرخواتین کی مصروفیات عام دِنوں سے کئی گُنا بڑھ جاتی ہیں کہ اُن کاآدھے سے زیادہ دِن تو باورچی خانے میں گوشت کے حصّے کرنے، اُسے صاف کرنے اور پھر پیکٹس بنانے میں گزر جاتا ہے،مگریہ تو اس عید کا خاصّہ ہے۔
ویسے یہ ساری ذمّے داریاں عمومی طور پر مائیں یا بڑی عُمر کی خواتین ہی انجام دیتی ہیں۔ لڑکیاں بالیاں گوشت کو ہاتھ لگانے سے کتراتی ہیں کہ اُن کے ہاتھ خراب ہوجاتے ہیں، انہیں گوشت صاف کرنا ہی نہیں آتا یا پھر ہاتھوں میں گوشت کی مہک آجاتی ہے، وغیرہ وغیرہ۔ ہاں، البتہ وہ مختلف مزے دار تراکیب سے نت نئے کھانے بنانے میں مائوں کا ہاتھ ضرور بٹاتی ہیں۔اپنی سکھیوں سہیلیوں کو دعوتوں پر مدعو بھی کرتی ہیں اور خُوب سج دھج کے ان تہواروں کو یادگار بھی بناتی ہیں۔
اس عیدالاضحی کو بھی یادگار بنانے کے لیے ان تین سہیلیوں نے یہ ایک چھوٹی سی بزم سجائی ہے۔ ذرادیکھیے، ایک سہیلی کے ریڈ وُوڈ رنگ بنارسی فلیپر کے ساتھ ڈبل لئیر پیپلم کس قدر حسین لگ رہا ہے۔ فلیپر کے باٹم پر ایمبرائڈری ہے،تو پیپلم کا اِنر پلین، جب کہ فرنٹ اوپن اَپر بھاری کام دار ہے۔ گہرے سُرمئی رنگ پیراہن کے بھی کیا کہنے کہ طلائی رنگ بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ بھاری کام دار انگرکھا ہے، تو زیورات کا انتخاب بھی خُوب ہے۔ بلیو اور مسٹرڈکےحسین امتزاج میں بھی ایک اسٹائلش سا لباس ہے۔ پھر عیدِ قرباں کے روایتی پکوان کی بَھری میز کے ساتھ آرایش و زیبایش بھی خُوب ہے۔
ایک سَکھی نے سُرمئی رنگ شرارے کے ساتھ کام دار قمیص کا انتخاب کیا ہے، تو دوسری کی گہرے جامنی رنگ کی کام دار قمیص بھی کچھ کم حسین نہیں لگ رہی اور تیسری کے کریم رنگ بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ گولڈن، سلور سلمے دبکے کے حسین کام والی قمیص کی تو بات ہی الگ ہے۔ ایک اور گیدرنگ میں ایک کی لائٹ گرین، سُرخ اور آتشی گلابی کے امتزاج میں قدرے لمبی گوٹا ورک سے آراستہ قمیص غضب ڈھا رہی ہے، تو نیلے رنگ میں ڈبل لئیر انگرکھا انداز فراک بھی خُوب صُورت پہناوا ہے۔ جب کہ تیسری نے انگوری رنگ شرارے کے ساتھ کنٹراسٹ میں کام دار چولی زیبِ تن کی ہے، توساتھ سُرخ رنگ آنچل بھی بہت بھلا معلوم ہورہا ہے۔
عالم گیر وبا کی ستم خیزیاں ایک طرف، ایس او پیز کے ساتھ ہی سہی، تہوارِ عید تو منانا ہے۔ احتیاط دامن گیر رہے، مگر سَکھیوں سہیلیوں کا بنائو سنگھار، میل ملاپ، دعوتیں، ضیافتیں تو ہوں گی، تو اُن کے لیے ہمارا یہ انتخاب حاضر ہے۔ آپ سب کو ہماری طرف سے عید الاضحی مبارک۔