پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ حج اور عید قربان وبا کے ماحول میں آئی ہے، عوام مشکل صورتحال سے دوچار ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امسال عید قرباں متقاضی ہے کہ ہم مستحقین کی مدد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ دن حضرت ابراہیمؑ اور ان کے فرزند حضرت اسماعیلؑ کی فرمانبرداری واخلاص کی یاد دلاتا ہے ، اس دن کا پیغام ہے کہ ہم اپنی گردنیں اللّٰہ تعالی کے سامنے جھکا دیں، اپنی خواہشات کی قربانی دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عید قرباں پر ہمیں مقبوضہ فلسطین، جموں وکشمیر سمیت محصور اور مستحق مسلمانوں کو یاد رکھنا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلامی تنظیمیں قربانی کا گوشت شام سمیت دیگر مستحق مسلمانوں تک پہنچانے کا انتظام کریں ۔
شہباز شریف نے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ امت مسلمہ کی سر بلندی، اتحاد، مسائل وامراض سے نجات اور مقبوضات کی آزادی کے لیے دعا کریں۔