کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے مارننگ شو ’’جیوپاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئےوزیر خارجہ شاہ محمو دقریشی نے کہاہے کہ اپوزیشن واضح طور پر کہہ چکی تھی کہ ہم اس ایکٹ کی حمایت اس وقت کریں گے جب نیب آرڈیننس کے حوالے سے ہماری اصلاحات کی حمایت حکومت کرے گی یہ ایک ایسی پیکج ڈیل تھی جس کے ساتھ ہم سے نیب میں ترامیم کا مطالبہ کیاجارہا تھا ہم نے ان کی 34ترامیم کو کلاز بائی کلاز اسٹڈی کیا اور بحث کی جس کے باعث اس نتیجے پر پہنچے کہ اگرہم ان پر عملدرآمد کرتے ہیں تو اس ملک سے احتساب نام کی چیز مٹ جائے گی اور نیب بطور ادارہ غیر فعال او ربے معنی ہوجائے گا یہی وجہ تھی کہ ہم نے ان کی ترامیم ماننے سے انکار کردیا اس حوالے سے رہنما پاکستان پیپلز پارٹی نیئر بخاری نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے قانونی سازی قومی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہونا چاہئے اور قومی مفاد کے حوالے سے جو معاملات ہیں ان پر پیش رفت ہونا چاہئے ۔عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے حوالے سے ترجمان پاک فضائیہ نے عوام سے آلائشوں اور باقیات کو مقررہ جگہوں پر پھینکنے یا زمین میں دفنانے کی درخواست کی ہے،ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام مفاد عامہ کا بھی خیال رکھیں ۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کارپوریٹ سیفٹی پی آئی اے کیپٹن عامر آفتاب کا کہنا تھا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ مقرر کی گئی جگہوں پر آلائشوں کو ٹھکانے پر لگائیں اگر وہ ایسا نہیں کریں گے تو ان آلائشوں کی وجہ سے فضا میں مسلسل پرندے منڈلاتے رہیں گے جو پروازوں کے لئے خطرناک ثابت ہوں گے اور یہی نہیں اس وجہ سے جہاں پہلے ایک پرندہ ٹکراتا تھا وہاں دس پرندے ٹکرائیں گے ۔پاک فضائیہ کے ایئر کموڈور ایس ایم علی کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ایک کلو وزن کا پرندہ طیارے سے ٹکراتا ہے تو اس کا امپیکٹ کئی ٹن کے برابر ہوتا ہے اور اگر خدانخواستہ یہ انجن سے ہی ٹکراجائے تو انجن تباہ کردیتا ہے۔