• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: بارش کے بعد قربانی اور آلائشیں اٹھانے میں دشواری

لاہور: بارش کے بعد قربانی اور آلائشیں اٹھانے میں دشواری


لاہور میں عید کے دوسرے روز بھی سنتٍ ابراہیمی کی ادائیگی جاری ہے، شہر میں صبح ہونے والی موسلا دھار بارش کا سلسلہ تھم گیا تاہم بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جبکہ متعدد سڑکوں پر بھی پانی جمع ہے۔

بارش کے پانی کے جمع ہونے سے لوگوں کو دوسرے روز قربانی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے جبکہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو آلائشیں اٹھانے میں دشواری ہو رہی ہے۔

بارش کا سلسلہ صبح ساڑھے 7 بجے سے ساڑھے 9 بجے تک جاری رہا، سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 71 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

لکشمی چوک پر 69، فرخ آباد میں 65، اندرونِ شہر میں 63، ایئر پورٹ پر 50، گلشنِ راوی میں 47، نشتر ٹاؤن میں 42 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

واسا حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ بارش کا پانی ایک گھنٹے میں صاف کر دیا جائے گا۔

شہر میں بارش کے باعث متعدد علاقوں میں صفائی کی صورتِ حال ابتر ہے، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کو بھی آلائشیں اٹھانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ترجمان لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مطابق شہر میں ہونے والی بارش کے باوجود صفائی آپریشن بلا تعطل جاری ہے، گزشتہ روز شہر سے 16 ہزار 500 ٹن سے زائد آلائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔

دوسرے روز اب تک 3 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اکٹھی کی جاچکی ہیں، کل سے اب تک 19 ہزار 500 ٹن سے زائد آلائشیں ٹھکانے لگائی جا چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: عید کا دوسرا دن، قربانی جاری، آلائشوں کےڈھیر

ترجمان ایل ڈبلیوایم سی کے مطابق شہر کے تمام علاقوں میں یکساں صفائی آپریشن جاری ہے، شہر میں آخری آلائش تک صفائی آپریشن جاری رہے گا۔

ادھر ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کا کہنا ہے کہ لاہور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

انہوں نے عیدالاضحیٰ کے ایام میں قربانی کی ادائیگی کے دوران کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین