شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں مسلمان سپہ سالار ’ارطغرل‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والے انگین آلتان نے پاکستانی فلموں اور ڈراموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن پر عید الاضحیٰ کے موقع پر انگن آلتان کا اردو میں ڈب کیا گیا انٹرویو نشر کیا گیا جس میں انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے پاکستانی فلموں اور ڈراموں میں کام کرنے میں آمادگی ظاہر کی اور کہا کہ ایسے ہی پاکستان کی محبت کا بدلہ بھی اُتارا جا سکتا ہے۔
انگین نے انٹرویو میں بات چیت کے دوران کہا کہ پاکستان میں بڑی خوشی سے کام کروں گا، ڈرامے یا فلم کا پہلے اسکرپٹ دیکھوں گا اگر کردار اور کہانی میری خواہشات کے مطابق ہوا تو ضرور اداکاری کروں گا اور پاکستانیوں کی محبت کا قرض بھی اُتارنے کی کوشش کروں گا۔
پاکستان میں ’ارطغرل غازی‘ کی مقبولیت کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انگین آلتان نے کہا کہ جتنی بھی محبت چاہت اور لگاؤ پاکستان سے ملا کبھی سوچا بھی نہیں تھا، پاکستان کے سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا اور پرنٹ میں ہمارے لئے جو کچھ بھی پیش کیا گیا وہ ہم تک پہنچا اور ان سب پیغامات سے آگاہ ہیں۔
میں تمام پاکستانیوں کی محبت اور چاہت کا مشکور ہوں کہ انہوں نے میرے کام کی اتنی تعریف کی اور دنیا بھر میں اسے کامیاب بنایا۔
انگین آلتان نے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان نے ہم پر اتنی محبت نچھاور کی ہے جسکی کوئی مثال نہیں ملتی، پاکستان ہمارا برادرانہ دوست ملک ہے۔ ہماری پرورش پاکستان سے محبت کے جذبات کے اظہار میں گزری ہے، اسکی محبت اور چاہت میں ہی ہم پلے بڑھے ہیں۔
سیریز ’ارطغرل غازی‘ سے متعلق سوال کرنے پر انگین آلتان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ ڈرامہ جس معصومانہ، پاک صاف انداز میں پیش کیا جانا تھا تو ہم نے سوچا کہ اگر ہم اس ڈرامے میں اپنی روح کو سمو دیں تو یہ ڈرامہ لازمی طور پر کامیاب ہوگا لیکن دنیا بھر میں اسے اتنی مقبولیت حاصل ہوگی اس بارے کبھی سوچا نہ تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ اس ڈرامے میں غیر بناوٹی محبت کے علاوہ اسلامی تاریخ، مذہب اور عدل و انصاف کو بڑی خوبصورتی سے پیش کیا گیا اور معاشرے میں اس کی ضرورت سے آگاہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جیسا کہ ڈرامے میں عدل و انصاف کا درس دیا گیا اسی طرح میں اپنی ذاتی زندگی میں بھی عدل و انصاف کا خیال رکھتا ہوں اور میری پوری کوشش ہوتی ہے کہ کسی کا دل نہ توڑوں۔
استنبول میں رہائش پذیر 41 سالہ انگین آلتان نے کہا کہ آج کل وہ گھر پر ہیں اور فیملی کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں، فیملی کے ساتھ وقت گزارنا اچھا لگتا ہے اور اسی میں خوشی بھی محسوس کرتے ہیں۔