شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں مسلمان جنگجو ’تُرگت‘ کا کردار ادا کرنے والے جنگیز جوشقون نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی لڑکیوں نے شادی کی پیشکش کی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان کے ہمراہ شاہد آفریدی نے ویڈیو لنک کے ذریعے جنگیز جوشقون کا انٹرویو لیا۔
دورانِ انٹرویو جنگیز نے انکشاف کیا کہ پاکستان کی قومی زبان میں ڈب ہوکر جب ’ارطغرل غازی‘ نشر ہونا شروع ہوا تو انہیں اپنی مقبولیت کا اندازہ سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام سے ہوا۔
تُرگت کا کردار ادا کرنے والے جنگیز نے بتایا کہ انہیں پاکستان سے شادی کے بہت سارے پرپوزل ملے لیکن وہ ہر کسی سے شادی نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ جب پاکستان میں ڈرامہ نشر ہونا شروع ہوا تو ہمیں یقین تھا کہ یہ لوگوں کو پسند آئے گا کیونکہ ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں لیکن پاکستان میں اس ڈرامے کی مقبولیت توقع سے زیادہ ہے۔
شادی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ترگت کا کردار ادا کرنے والے جنگیز نے بتایا کہ میں نے ابھی تک شادی نہیں کی لیکن میں ایک عرصے سے کسی کو پسند کرتا ہوں۔
پاکستان میں ڈرامے کے مقبولیت کو دیکھتے ہوئے جنگیز نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ دنیا بھر سے جیسے ہی عالمی وبا کا خاتمہ ہوگا پہلی فرصت میں پاکستان کا دورہ کروں گا، جلد از جلد پاکستان آنے کی کوشش کروں گا۔
پاکستان میں اداکاری کی آفر اور کام کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے جنگیز نے کہا کہ اگر پاکستانی ڈرامے اور فلم کی کہانی اور کردار مجھے اپنے لیے فٹ لگا اور میں اس حوالے سے پُرجوش ہوا تو لازمی کام کروں گا۔