• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کے گھر کا چولہا ٹھنڈا ہو چکا ہے: پرویز رشید

عوام کے گھر کا چولہا ٹھنڈا ہو چکا ہے: پرویز رشید


پاکستان مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر پرویز رشید کہتے ہیں کہ آج پاکستان کے عوام کے گھر کا چولہا ٹھنڈا ہو چکا ہے۔

گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر نون لیگی رہنما پرویز رشید کا کہنا ہے کہ 2018ءکی بڑی عید میں کاروبار کا حجم 355 ارب تھا۔

انہوں نے کہا کہ 2020ء کی بڑی عید میں کاروبار کا حجم 100 ار ب روپے رہ گیا، 2020ءمیں لوگوں کی قربانی کی استطاعت کم ہوئی ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کو خطے میں مرکزی حیثیت دلوانا چاہتے تھے، آج ہم تنزلی کی طرف جا رہے ہیں، پاکستان کھائی میں گرتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہو رہی ہیں، کشمیر ہمارا قومی مسئلہ ہے، تمام جماعتیں اس پر متفق ہیں۔

نون لیگی رہنما نے کہا کہ کوئی ایک کورونا وائرس کا مریض نہیں ملا جس کی ٹائیگر فورس نے مدد کی ہو، عمران خان ٹائیگر فورس کا نام پھول یا پتی رکھ لیتے تو بہتر تھا۔

یہ بھی پڑھیئے: پرویز رشید نے تحریک انصاف کو تحریک تکلیف قرار دیدیا

پرویز رشید نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں جلد ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہو جائیں گی، نئے الیکشن کے علاوہ ملک کو درپیش مسائل کا کوئی حل نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 6 ماہ مانگ کر ڈیڑھ سال میں کچھ نہ دینے والوں کو اور وقت نہیں ملنا چاہیے، اے پی سی پر مشاورت جاری ہے، جلد تاریخ فائنل کر دی جائے گئی۔

مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما نے یہ بھی کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر پوری قوم متحد ہے، پوری قوم یک زبان ہو کر کشمیر پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھائے گئی، ہمیں پاکستان کے عوام کے جذبات کی ترجمانی کرنی ہے۔

تازہ ترین