• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اٹلی میں کشمیر کانفرنس، یورپی عوام کشمیریوں کے انسانی حقوق کی حمایت کریں، منظور چوہدری

میلان( ڈاکٹر شہباز بھٹی ) ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن اور عوام دوست گروپ اٹلی کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس کاانعقاد کیا گیا جس کی صدارت قونصل جنرل منظور چوہدری اور سرپرستی سید سجاد بخاری نے کی، جبکہ لارڈ نذیر اور چوہدری پرویز اقبال لوہسر نےبطور مہمان خصوصی شرکت کی،کشمیر کانفرنس میں اٹلی کے مختلف شہروں سے پاکستانی، کشمیری، اٹالین،سکھ اور پاکستان کی سیاسی و سماجی اور اسپورٹس تنظیموں سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ کشمیر کانفرنس کی نظامت میاں آفتاب نے سر انجام دی ،سیاسی وسماجی اور کھیلوں کی تنظیموں کے نمائندوں نے کشمیری عوام کے حق میں اظہار یکجہتی کرتے ہوئے معصوم کشمیریوں اور کشمیر پر غاصبانہ فوجی قبضے کا ایک سال مکمل ہونے پر بھارت کی مذمت کی اور تجاویز دیں کہ کس طرح اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی آواز کو مزید بلند اور توانا بنایا جا سکتا ہے ۔ قونصل جنرل منظور چوہدری نے اپنے خطاب میں کشمیر کی موجود ہ حیثیت اور عالمی خاموشی پر کہا کہ یورپ اور یورپی عوام مذہب سے بالاتر ہو کر انسانیت کی قدر کرنے والے ہیں اور مقبوضہ کشمیر کے کشمیری بھی انسان کہلاتے ہیں اور کشمیریوں کے انسانی حقوق کی بھی قد ر اور حمایت کی جائے ۔پاکستان کے محافظ اداروں کے خلاف بات کرنے والوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بقا کیلئے اور مظلوم کشمیریوں کی آواز کی طاقت ہیں ہم ان کے ساتھ ہیں اور ہر مخالف آواز کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔ لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ پاکستان ہماری جان ہے اور اس پر سب کچھ قربان ہے ،ہم پاکستان اور کشمیر کا مقدمہ بغیر کسی لالچ کے لڑ رہے ہیں ہم کسی سے بھی ایک دھیلے کے روادار نہیں ہیں اگر کوئی ہمیں کچھ دینا چاہتا ہے تو وہ پاکستان کی غریب عوام کو دیں، چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے کہا کہ پاکستان سے محبت کریں، اس کے پرچم سے محبت کریں یہ مستقل ہیں، نا پاکستان بدلے گا اور نہ اس کا پرچم جبکہ شخصیات اور جماعتیں بدلتی رہتی ہیں ۔انہوں نے مودی کو دنیا کا بڑا دہشت گرد قرار دیا اور کہا کہ دنیا اس کے مظالم کا نوٹس لے۔ ہال میں موجود افراد پاکستان زندہ باد ،کشمیر بنے گا پاکستان،دہشت گرد مودی دہشت گرد کے نعرے بھی بلند کرتے رہے،قونصل جنرل منظور چوہدری نے بھی کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگوائے صدر ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اٹلی اور عوام دوست گروپ اٹلی چوہدری تجمل حسین نے تمام سیاسی وسماجی اور کھیلوں کی تنظیموں کے نمائندوں اور معزز مہمانوں کا کشمیر کانفرنس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین