• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک افغان بارڈر چمن ایک یوم کیلئے کھول دیاگیا،آمد ورفت شروع

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان بارڈر کوجذبہ خیرسگالی کے تحت ایک یوم کیلئے کھولا گیا ہے، بارڈر کھلنے کے بعد بارڈرپرلوگوں کی بڑی تعداد میں آمد ورفت کا سلسلہ شروع ہوگیا، منگل کو افغان چمن سرحد صبح 8 بجے کھولی گئی جو 6 بجے شام تک کھلی رہی، جس دوران کئی ماہ سے انتظار کرنیوالے افغان شہری بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں کے ہمراہ افغانستان میں داخل ہوگئے، پاک افغان بارڈر پر باب دوستی کھولنے کا فیصلہ پیر کے روز دونوں ممالک کے فوجی کمانڈرز کی فلیگ میٹنگ میں کیا گیا تھا، فلیگ میٹنگ میں چمن میں ایف سی کے کمانڈنٹ لیفٹیننٹ کرنل سلمان نے متعلقہ افسران کے ہمراہ پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ افغان وفد کی سربراہی کرنل شریف نے کی، دونوں اطراف نے مسئلے کے حل کیلئے متعدد تجاویز پیش کیں، سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس تقریباً 2 گھنٹے جاری رہا جس کے دوران چمن میں بے ہنگم ہجوم اور پاک اور افغان فورسز کے مابین جھڑپوں کے نتیجے میں پیدا ہونیوالی صورتحال کا مجموعی جائزہ لیا گیا، سینئر عہدیدار کے مطابق افغان فوجی عہدیداروں نے اس بات پر اصرار کیا کہ سرحد کو اسی طرح کھولا جانا چاہئے جیسا کہ 2 مارچ کو کھلی ہوئی تھی اور دونوں اطراف کو نہ صرف پیدل چلنے والوں کو سرحد پار جانے کی اجازت دینی چاہئےبلکہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی اشیا ءسے لدی گاڑیوں اور درآمد و برآمد کی دیگر اشیا کی آمد و رفت کی بھی اجازت دینی چاہئے، انہوں نے درخواست کی کہ افغان اور پاکستانی شہریوں کو قومی شناختی کارڈ دکھا کر آمدو رفت کی اجازت دی جانی چاہئے ، پاکستان نے افغان عہدیداروں کو بتایا کہ انکی تجاویز حتمی فیصلے کیلئےاسلام آباد بھجوائی جائیں گی، دوسری جانب بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیااللہ لانگو اور وزیر زراعت زمرک خان اچکزئی نے تاجر برداری، سیاسی جماعتوں اور مزدوروں کیساتھ عید سے قبل کامیاب مذاکرات کئے تھے جس کے بعد چمن میں 5 ماہ سے جاری دھرنا ختم کردیا گیا تھا۔

تازہ ترین