• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر، سیاسی محاذ، میڈیا کی سطح پر جدوجہد کی ضرورت ہے، سراج الحق

کشمیر، سیاسی محاذ، میڈیا کی سطح پر جدوجہد کی ضرورت ہے، سراج الحق 


لاہور(نمائندہ جنگ)امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے کہاہے کہ نریندرمودی کے جنگی جرائم کو مزید مہلت دینا کروڑوں لوگوں کو آگ میں جھونکنے کے مترادف ہے، کشمیری اپنی جانوں کے نذرانے پاکستان کی تکمیل ،بقاءاور سلامتی کے لیے پیش کررہے ہیں،سیاسی محاذ،میڈیا کی سطح پر جدوجہد کی ضرورت ہے ،72سال سے ہم کشمیر یوں کی وکالت اس انداز میں نہیں کرسکے جو حق تھا اس لئے کشمیریوں کو اپنی وکالت کرنے کا موقع دیا جائے تا کہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنا مقدمہ خود لڑسکیں ،آزادکشمیر گلگت بلتستان اور مقبوضہ کشمیر کی قیادت پرمشتمل وفود عالم اسلام اور دیگر مغربی و یورپی ممالک میں بھجوائے جائیں ، ان خیالات کااظہار انھوں نےجماعت اسلامی کی زیرصدارت ہونےوالی کشمیرقومی مشاورت میں کیا۔ شرکاءنےاس امرپرزوردیاہےکہ کشمیر کی آزادی کا واحدراستہ جہادہے۔شاہراہ کشمیر کا نام تبدیل کرنا درست نہیں ہم اس کی مذمت کرتے ہیں ،اس کا نام بحال کیا جائے،5اگست کے بعد حکومت پاکستان کوچاہیےتھا کہ وہ عالمی عدالت انصاف میں جاتی مگربد قسمتی سے ابھی تک اس کی طرف دھیان نہیں دیا گیا۔فوری طور پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا جائے ۔حکومت نے ہر وعدے کی خلاف ورزی کرتےہوئےاس وعدے سے بھی انخراف کیا ہے۔ پاکستانی قوم کے صبر کا پیمانہ لبریزہوچکا ہے،بھارت نے شملہ معاہد ہ خود ہی ختم کردیاہے ۔اب حکومت پاکستان کسی معاہدے کی پابند نہیں ہے۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی وعدہ کےباوجوداس اہم مشاورت میں شریک نہیں ہوئے،ریاست پاکستان اسی طرح کشمیریوں کی پشتیبانی کرے جس طرح 1990ءمیں کررہی تھی۔ سینیٹر سراج الحق کی میزبانی میں کشمیر قومی مشاورتی کانفرنس سے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان،سابق چیئرمین سینٹ نیئر بخاری،صاحبزادہ ابو الخیرڈاکٹرمحمدزبیر،اعجاز الحق،لیاقت بلوچ،امیر العظیم،سینیٹر ساجد میر،میاں محمد اسلم،مولانا امجدخان،ڈاکٹر خالد محمود خان،عبدالرشید ترابی، شفیق جرال،سعید یوسف،مطلوب انقلابی،مشتاق ایڈووکیٹ،حامد سمیع الحق،عبداللہ گل،پیر اعجازہاشمی،مولانا زبیراحمد ظہیر ،حسن ابراہیم،غلام محمد صفی،فاروق رحمانی،شیخ متین،یوسف نسیم،زاہد صفی،محمود ساغر،عبدالمجید ملک،مولانا امتیاز صدیقی،ڈاکٹر طارق سلیم،شمس الرحمان سواتی سمیت دیگر قائدین نےخطاب کیا۔اس موقع پر ملی یکجہتی کونسل کےسربراہ ابو الخیرڈاکٹر محمد زبیرنے کہاکہ جماعت اسلامی کا شکر گزار ہوں انہوں نے اس نازک موقع پرکشمیرکانفرنس کا انعقاد کیا کشمیرتقریروں سےنہیں عملی اقدامات سے آزاد ہو گا ،جمعیت علماءاسلام کے سیکرٹری جنرل مولانا امجدخان نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کےشانہ بشانہ ہے،پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سابق چیئرمین سینٹ نیئر بخاری نے کہاکہ کشمیر کی آزادی ہماری اولین ترجیح ہے میرا خاندان کشمیر کے جہاد میں شریک رہا ہے کشمیرکی آزادی کے لیے ہمارے آباؤاجداد نے جو بندوقیں استعمال کیں آج بھی ہمارے گھروں میں موجود ہیں حکومت کشمیر کی آزادی کے لیے ٹھوس پالیسی بنائے ابھی تک حکومت کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔مزیدبرآں کشمیر قومی مشاورت کےمشترکہ اعلامیہ میں کہاگیاہےکہ یہ اجلاس مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کی اقوام متحدہ سے تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے کے ناجائز بھارتی اقدام اورریاست میں ایک سال سے جاری مسلسل لاک ڈائون،سرچ آپریشن کے نام پر نوجوانوں کی گرفتاریوں، حراستی قتل، املاک، اسباب اور زراعت وکاروبار کی بندش کی بنا پر 2 ارب ڈالر سے زائد کے نقصانات کی مذمت کرتے ہوئے شدید تشویش کااظہارکرتاہے۔

تازہ ترین