• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، رضا ربانی

سینیٹر رضا ربانی کا یوم استحصال سے متعلق کہنا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔

سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر رضا ربانی نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا نے وہ تصویر دیکھی جس میں کشمیری بچہ اپنے دادا کی لاش پر بیٹھا ہے، خطے میں صورت حال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔

رضا ربانی نے نئے نقشے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میری جماعت کا مؤقف نقشے پر نہیں آیا، جس وقت 8 آنے کے ٹکٹ آتے تھے تب پاکستان کا نقشہ ٹکٹ پر موجود تھا، اگر یہ نقشہ پہلے موجود تھا تو کیا ضرورت پڑی کہ نقشہ تبدیل کیا گیا، کل اجلاس میں اپوزیشن کو صرف مطلع کیا گیا، اعتماد میں نہیں لیا گیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی اتفاق رائے اس طرح نہیں پیدا کیا جاتا، نقشے پر پارلیمنٹ پر بجث ہونی چاہیے تھی، وزیر اعظم آ کر ایوان میں بیٹھتے۔

رضا ربانی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی مذمت کرتی ہے کہ آج مودی رام مندر کی بنیاد رکھ رہا ہے، بہتر ہوتا وزیراعظم آج سینیٹ میں آ کر کہتے ہم اسلام آباد میں مندر بنانے کی اجازت دے رہے ہیں ۔

رضا ربانی نے کہا کہ مسلم اُمّہ نے بھارت کے ساتھ معاشی تعلقات ہونے کے باعث ایک سال خاموشی اختیار کیے رکھی ہے، پاکستان کو او آئی سی ممبر شپ بطور احتجاج ایک مدت کے لیے معطل کرنی چاہیے، اقوام متحدہ عالمی اسٹیبلشمنٹ اور امریکی سامراج کے اشارے پر چلنے والا ہے، اس سےتوقع رکھنا بے کار ہے۔

اُن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایران اور چین کا معاہدہ جنم لے رہا ہے، اس کےخطے اور ہمارے اسٹریٹجک تعلقات پر کیا اثر پڑے گا، وزیر خارجہ اس بات پر پارلیمان کو اعتماد میں لیں۔

تازہ ترین