لاہور کی احتساب عدالت کی جانب سے رمضان شوگر ملزکیس میں مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز پر فردِ جرم عائد کر دی۔
سماعت کے سلسلے میں مسلم لیگ نون کے صدر شہبازشریف احتساب عدالت لاہور پہنچ گئے ، کمرہ عدالت میں شہبازشریف نے اپنی حاضری مکمل کرائی ۔
عدالت نے مزید گواہوں کو بیانات قلم بند کرانے کے لیے عدالت میں طلب کر رکھا ہے۔
احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری ریفرنس کی سماعت کررہے ہیں
اس موقع پر شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے آج پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر رکھا ہے، شہبازشریف کو اس سلسلے میں اسلام آباد جانا ہے، لہٰذا انہیں کمرۂ عدالت سے جانے کی اجازت دی جائے۔
عدالت نے کہا کہ شہباز شریف پر فردِ جرم عائد ہونی ہے اس لیے وہ اِدھر ہی رہیں۔
احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری کی کمرۂ عدالت میں شہباز شریف سے گفتگو بھی ہوئی۔
شہباز شریف نے جج سے کہا کہ عدالت کا حکم ماننے کو تیار ہوں، مجھے اسلام آباد جانا ہے، مجھے کمر کی تکلیف ہے، اس لیے زیادہ کھڑا نہیں ہو سکتا۔
عدالت نے کہا کہ آپ کے وکیل کو فردِ جرم پر اعتراض ہے، ان کے دلائل سن لیں۔
شہباز شریف کے وکیل نے استدعا کی کہ رمضان شوگر ملز کیس میں فردِ جرم عائد نہ کی جائے۔
فاضل جج نے ان سے کہا کہ آپ کے پاس تمام قانونی حقوق ہیں، وہ آپ استعمال کر سکتے ہیں۔
شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ مجھے فردِ جرم کی گراؤنڈ نہیں دی گئیں، فردِ جرم کی گراؤنڈ دیکھ کر میں قانون کے مطابق اپنا حق استعمال کرتا۔
یہ بھی پڑھیئے:۔
رمضان شوگر ملز ریفرنس، فرد جرم کی کارروائی کیلئے شہباز، حمزہ طلب
انہوں نے کہا کہ گندا نالہ مقامی ایم پی اے نے تعمیر کرایا، گندے نالے کی تعمیر کی باقاعدہ قانون کے مطابق منظوری دی گئی۔
شہباز شریف نے عدالت میں کہا کہ میں گنہگار ہوں گا، مگر عوام کی خدمت میں کمی نہیں چھوڑی، پنجاب کے عوام کی 10 سال خدمت کی، پراسیکیوشن جو چاہے بولیں مگر انہیں اپنے دلوں میں پتہ ہے کہ حقیقت کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی خدمت کیلئے سرکاری دورے کیے مگر کروڑوں روپے کا ٹی اے ڈی اے چھوڑا، اپنی گاڑی کیلئے پیٹرول کبھی نہیں لیا، عوامی خوشحالی اور ترقی کیلئے اربوں نہیں کھربوں روپے کے منصوبے شروع کیے، کھربوں روپے کی سرمایہ کاری لے کر آیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں نے ٹیم کے ساتھ مل کر کھربوں روپے کی سرمایہ کاری کرائی، اسی ٹیم سے آج یہاں احد چیمہ اور فواد حسن فواد بیٹھے ہیں، اورنج لائن ٹرین میں 100 ارب روپے بچائے، آپ کو کیا کیا مثالیں بتاؤں۔
انہوں نے کیہ بھی کہا کہ جس گندے نالے کا الزام مجھ پر لگایا جا رہا ہے اس کی قیمت 20 کروڑ روپے ہے، ایک طرف میں ٹی اے ڈی اے نہ لوں اور گندے نالے کی رقم میں جھک ماروں گا؟