• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین: یوم استحصال کشمیر کے عنوان سے احتجاجی تقریب کا انعقاد

ندائے کشمیر ایسوسی ایشن اسپین کے زیر اہتمام کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور کشمیر کے تشخص کو پامال کرنے کی گھناؤنی سازش کا ایک سال مکمل ہونے پر یوم استحصال کشمیر کے عنوان سے احتجاجی تقریب منعقد ہوئی۔

اس تقریب کی صدارت قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری عبدالرحمان نے حاصل کی۔

اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ سونی، ملک شریف، نامدار اقبال خان، محمد اقبال چوہدری، ہما جمشید، کونسلر طارق محمود اور دوسرے مقررین نے اپنے خطاب میں مودی سرکار کو آڑھے ہاتھوں لیا اور آج کے دن کشمیر کی ذاتی حیثیت ختم کرنے کا ایک سال مکمل ہونے پر سخت الفاظ میں اس عمل کی مذمت کی۔

مقررین کا کہنا تھا کہ 5 اگست کے فیصلے سے کشمیر کا مسئلہ بین الاقوامی سطح پر اُبھرا ہے اور مودی سرکار کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔

بارسلونا کی تاریخ کی کشمیر کاز پر منعقد ہونے والی سب سے بڑی اس تقریب میں سیکڑوں خواتین و حضرات اپنے بچوں کے ساتھ شریک ہوئے تھے جو بھارت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں ایک ہیں جس کا سب سے بڑا ثبوت آج اس تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، مسلم لیگ ق، تحریک انصاف، جماعت اسلامی، منہاج القران، پاکستانی مسیحی برادری اور دوسرے شعبوں کی نمائندگی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کا کشمیر کاز پر دو ٹوک موقف بالکل واضح ہے، ہم کشمیریوں کی آزادی تک اُن کی سفارتی اور اخلاقی امداد جاری رکھیں گے اور دُنیا میں جہاں بھی پاکستانی اور کشمیری مقیم ہیں وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی بربریت اور جارحیت کے خلاف سراپاء احتجاج بنی رہے گی جب تک کہ کشمیری بھائی آزادی کا سورج طلوع ہوتا نہ دیکھ لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کل مقبوضہ جموں و کشمیر کے اہم مقامات پر پاکستانی جھنڈے لہرائے گئے ہیں یہ عمل اس بات کا غماز ہے کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ وابستہ ہیں۔

قونصل جنرل بارسلونا نے کہا کہ پاکستان نے جو سیاسی نقشہ جاری کیا ہے کشمیری عوام نے اُس کا خیر مقدم کیا ہے۔

تقریب میں کشمیر میں جاری بھارتی آرمی کے مظالم اور نہتے کشمیریوں کے زخموں پر مبنی ویڈیوز کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا پیغام بھی دکھایا گیا۔

تقریب میں راجہ اسد حسین، چوہدری احمد خان تریڑونوالہ، راجہ بابر ناصر، لارڈ ایم کے پاشا، راجو الیگزینڈر، میاں عمران ساجد، شیراز بھٹی، شہزاد بھٹی، حافظ عبدالرزاق صادق، چوہدری امتیاز آکیہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین نے اس تقریب کے انعقاد میں ندائے کشمیر ایسوسی ایشن کا بھر پور ساتھ دیا تھا۔

تازہ ترین