آپ آف لائن ہیں
اتوار2؍صفر المظفّر 1442ھ 20؍ستمبر 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

’لپ اسٹک‘ اس کا انتخاب چہرے کی رنگت کو مدِنظر رکھتے ہوئے کریں

پورے میک اپ میں لپ اسٹک سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہوتی ہے ۔اس کا صحیح استعمال آپ کے میک اپ کو چار چاند لگا تا ہے ،آپ نے پورا میک اپ بہت اچھے سے کیا ہے ،مگر لپ اسٹک کے شیڈکا انتخاب اپنی رنگت کو مد نظر رکھتے ہوئے نہیں کیا تو میک اپ کی خوبصورتی ماندپڑجاتی ہے ۔یہ بات ضرور یاد رکھیں کہ اپنی لپ اسٹک اور لپ بام کبھی کسی دوسرے کو استعما ل نہ کرنے دیں ،کیوں کہ اس سے ہونٹوں پر دانے اور الرجی ہونے کا خدشہ رہتا ہے ۔گلوسی لپ اسٹک لگانے سے پہلے اپنے ہونٹوں پر لیکویڈ فائونڈیشن لگائیں، تاکہ ہونٹوں کی آئوٹ لائن نمایاں ہو جائے ۔

اب لپ پینسل یالپ برش کی مدد سے ہونٹوں کی آئوٹ لائن بنائیں،اگر آپ کے ہونٹ موٹے ہیں تو لائن اندر کی جانب اور اگر پتلے ہیں تو لائن تھوڑی باہر کی جانب بنائیں ۔آخر میں لپ اسٹک لگائیں۔ لپ اسٹک لگاتے وقت اپنی رنگت کو ضرور مد نظر رکھیں ۔آپ دو لپ اسٹک کے شیڈز کو ملا کر بھی اپنے لیے ایک نیا اور مطلوبہ شیڈ تیار کر سکتی ہیں۔دن میں گہری اور رات کوہلکی آئوٹ لائن لگانے سے اچھا تاثر پڑتا ہے ۔

ٹپس

لپ اسٹک کولگانے کا صحیح طریقہ یہ ہے کہ ا س کو لگانے کے بعد ٹشو پیپر کی ایک باریک تہہ الگ کرلیں ۔پھر اسے ہونٹوںپر رکھ کر ہلکا سا فیس پائوڈر لگائیں ۔اس طرح یہ شیڈمیٹ فنش نظر آئے گا۔

٭…پہلے نارمل طریقے سے لپ اسٹک لگائیں ،پھراسے رگڑ یں یہاں تک کہ اس کی نمی خشک ہوجائے اور صرف رنگ باقی رہ جائے ۔اب دوبارہ لپ اسٹک لگائیں اورا سے زیادہ دیر تک چلنے کے لیے لپ پینسل کو موئسچرائزر میں ڈبوکر ہونٹوں پر لگائیں ۔

٭…اگر وقت پر لپ اسٹک موجود نہ ہو تو بلشریا پنک آئی شیڈ و بھی استعمال کرسکتی ہیں ۔

٭…لپ اسٹک کے شیڈ کو ٹیسٹ کرنے کے لیے ہتھیلی کی پشت کے بجائے پہلی انگلی پر لگا کر چیک کریں ۔اس طرح شیڈ کا صحیح پتا چلتا ہے ۔

٭…اگر آپ کے ہونٹ موٹے ہیں تو اس کو کم کرنے کے لیے اندر کی طرف پینسل سے آئوٹ لائن لگائیں ۔اس طرح ہونٹ قدرے پتلے نظر آئیں گے ۔

٭… ہونٹوں کو خوبصورت بنانے کے لیےتازہ گلاب کی پتیا پیس کر تھوڑے سے مکھن میں ملالیں ۔رات کو سونے سے پہلے ہونٹوں پر اچھی طرح لگائیں ۔ا یسا کرنے سے آپ کے ہونٹ ملائم رہیں گے ۔ہونٹوں کی جھریا ں دور کرنے کے لیے سیب کے بیج پیس کر لگائیں ۔

٭…ہونٹوں کی سیاہی دور کر نے کے لیے چقندر کو چھیل کر اُبال لیں،آپ چاہیں تو بغیر اُبالے بھی استعمال کر سکتی ہیں ٭…پھر ان کے قتلوں کو ہونٹوں پر ملیں ۔اس سے ہونٹوں کا رنگ گلابی ہوجائے گا اور ہونٹوں پر جو جھریاں پڑ جاتی ہیں وہ بھی ختم ہوجائیں گی ۔لپ اسٹک لگانے سے پہلے ہونٹوںپر کولڈ کریم اور فائونڈیشن لگائیں۔بعدازاں لپ اسٹک لگائیں ۔ایسا کرنے سے آپ کے ہونٹوں پر چمک آجائے گی۔

خراب لپ اسٹک کے اثرات

خراب لپ اسٹک لگانے سے ہونٹ سیاہ ہوجاتے ہیں ،جو کہ چہرے کی خوبصورتی کو متاثر کرتے ہیں ۔متوازن غذا نہ لینے کی وجہ سے بھی یہ سیاہ ہوجاتے ہیں ۔ہونٹوں کی سیاہی دور کرنے کے لیے چار چائے کے چمچے بادام پسے ہوئے ،ناریل کا تیل چار چائے کے چمچے ،دو لیموں کا رس اور پانچ چائے کے چمچے دودھ لے کر ملالیں ۔اب ان تمام اجزا کو اچھی طرح یک جا کر کے ر فریج میں رکھ لیںاور دن میں ایک مرتبہ اس مکسچر سے ہونٹوں پر مساج کریں ۔دن میں کئی مرتبہ یہ عمل دہرائیں ۔چند دن میں ہی میں نمایاں فرق نظر آئےگا ۔

سمر لپ اسٹک شیڈز

گرمی کے موسم میں ہلکا میک اپ ہی اچھا لگتا ہے ۔زیادہ شوخ رنگ کے آئی شیڈزاور لپ اسٹک سے چہرہ خوبصورت لگنے کے بجائے بد نما لگنے لگتا ہے ۔ جب کہ سوفٹ اور لائٹ کلرز چہرے کو خوشنما بناتے ہیں ۔آج کل پیچ ،پلم ،پنک ،صندل اور سافٹ پنک لپ کلرز زیادہ مقبول ہیں۔آپ موقع کی مناسبت سےگہرے رنگ استعمال کر سکتی ہیں، مگر لپ کلرز کےانتخاب میں اپنی جلد کی قدرتی رنگت کو بھی ذہن میں رکھیں ایسا نہ ہو کہ آپ جو کلرز ہونٹوں پر لگائیںوہ چہرے کو بدنما کر دیں۔