• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ،پنجاب اور بلوچستان کے کئی شہروں میں بارشیں


سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ژوب، خضدار اور کوہ سلیمان، دادو کے پہاڑی سلسلوں میں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی جبکہ رابطہ سڑکیں متاثر ہیں۔

مٹیاری اور سکھر میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ خیرپور میں بارش سے کھجور کے درختوں کو نقصان پہنچا ہے۔ موسلا دھار بارشوں سے حب ڈیم کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

سندھ کے ضلع مٹیاری، ہالہ، نیو سعیدآباد، بھٹ میں تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ جس سے محلوں، بازاروں اور سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

خیرپور میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش سے سڑکیں زیرآب آگئیں، جبکہ کھجور کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

سکھر میں و قفے وقفے سے ہونے والی تیز بارش کے باعث شہر کے متعدد علاقے اور سڑکیں زیر آب آگئیں۔

میرپور خاص، نواب شاہ، سجاول، لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد، سانگھڑ، ٹنڈوالہ یار، پڈعیدن سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی بارش ہوئی۔

بلوچستان کے شمال مشرقی پہاڑی علاقوں میں کوہ سلیمان، دانہ سر اور خضدار میں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی سے رابطہ سڑکوں پرآمد و رفت متاثر ہے۔

ادھر بہاولپور، راجن پور، لودھراں، شکر گڑھ، چیچہ وطنی، ظفروال سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

تازہ ترین