اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے لبنان کی نیشنل اسمبلی کے صدر سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے بیروت میں پیش آنے والے المناک حادثے پر اظہار تعزیت کیا۔
اسد قیصر نے لبنانی اسمبلی کے صدر سے المناک حادثے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اور پارلیمنٹ مشکل کی اس گھڑی میں لبنانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اور اس سانحے پر پوری پاکستانی قوم دکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس کڑے وقت میں لبنان کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
لبنان کے نیشنل اسمبلی کے صدر نے ٹیلیفون کال کرنے پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔
صدر لبنان نیشنل اسمبلی نے کہا کہ لبنانی قوم اس المناک حادثے پر گہرے صدمے اور دکھ سے دوچار ہے، جبکہ پاکستان اور دوست ممالک کا کڑے وقت میں ساتھ دینا انتہائی حوصلہ افزا ہے۔