• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایس او پیز پورے پاکستان میں یکساں نافذ ہوں گے، اسد عمر


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کاروبار کھولنے کیلئے ایس او پیز پورے پاکستان میں یکساں طور پر نافذ ہوں گے، ایس او پیز پر عملدرآمد کا سب سے موثر طریقہ لوگوں کا طرزعمل ہے، پاکستان میں کورونا کنٹرول ہونے کی بنیادی وجہ ہماری درست حکمت عملی ہے، پاکستان نے ٹیسٹنگ، ٹریکنگ اور قرنطینہ کی حکمت عملی اپنائی اب پوری دنیا اسی پر عمل کررہی ہے۔وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سینئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی اور سابق ٹیسٹ کرکٹر تنویرا حمد بھی شریک تھے۔سینئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کہ عثمان بزدار نے ابھی تیرنا سیکھا ہی تھا کہ ان کے ڈوبنے کا وقت ہوگیا، نیب کو مزید سخت اختیارات کے ساتھ قائم رہنا چاہئے، عثمان بزدار معصوم نہیں ہیں مبینہ طور پر ان کی بہت سی کہانیاں ہیں،نیب عثمان بزدار کے خلاف میرٹ پر کیسز بنارہا ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر تنویرا حمد نے کہا کہ پاکستان میں کسی سینئر کھلاڑی کو میدان میں پانی پلاتے نہیں دیکھا سرفراز احمد نے ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کو نمبر ون بنایااور چیمپئنز ٹرافی جتوائی اس کے ہاتھ جوتے بھجوائے جارہے ہیں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ کاروبار کھولنے کیلئے ایس او پیز صوبوں سے مشاورت کے ساتھ بنارہے ہیں، ہفتے تک این سی او سی اور صوبے مشاورت سے ایس او پیز فائنل کردیں گے، یہ ایس او پیز پورے پاکستان میں یکساں طور پر نافذ ہوں گے، ایس او پیز کی خلاف ورزی کی صورت میں کاروبار کا مالک ذمہ دار ہوگا، ایس او پیز پر عملدرآمد کا سب سے موثر طریقہ لوگوں کا طرزعمل ہے، عوام ایس او پیز اپنی بہتری کیلئے سمجھیں گے تو اس سے بہتر کچھ نہیں ہوسکتا۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا کنٹرول ہونے کی بنیادی وجہ ہماری درست حکمت عملی ہے، پاکستان نے ٹیسٹنگ، ٹریکنگ اور قرنطینہ کی حکمت عملی اپنائی اب پوری دنیا اسی پر عمل کررہی ہے، ہم نے فوج کی سپورٹ اور صوبوں کے انتظامی و صحت کے عملے کے تعاون سے موثر کام کیا، بھارت، بنگلہ دیش، ایران میں پاکستان کے مقابلہ میں کورونا سے زیادہ ہلاکتیں ہورہی ہیں، بھارت اور پاکستان کے یکساں معاشرتی حالات ،موسم اور بی سی جی ویکسینیشن کے باوجود بھارت میں کورونا وبا پھیل رہی ہے۔سینئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کہ عثمان بزدار نے ابھی تیرنا سیکھا ہی تھا کہ ان کے ڈوبنے کا وقت ہوگیا، نیب میں بہتری آنی چاہئے مگر اسے ختم نہیں ہونا چاہئے، نیب کو مزید سخت اختیارات کے ساتھ قائم رہنا چاہئے، عثمان بزدار معصوم نہیں ہیں مبینہ طور پر ان کی بہت سی کہانیاں ہیں، مبینہ طور پر عثمان بزدار کی مرضی سے 22سال بعد پنجاب میں شراب کا لائسنس دیا گیا ، مبینہ طور پر عثمان بزدار کے رشتہ دار پولیس والے نے شراب کے لائسنس کیلئے 5کروڑ روپے لیے۔

تازہ ترین