کراچی ( اسٹاف ر پورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وفاقی وصوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بتائیں کہ دودن گزرنے کے باوجود اب تک جماعت اسلامی کی بھارت کے خلاف کشمیر ریلی پر بم حملے کے مجرموں کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا،کشمیر ریلی پر حملہ پاکستان اوراسلام دشمنوں کی کارروائی ہے جس میں کوئی شک نہیں ہے کہ انڈیا لابی ملوث ہے،یہ حملہ کسی فرد واحد نے نہیں کیا بلکہ اس کے پیچھے پوری ایک سازش ہے جس کافائدہ بھارت کو ہوااور نقصان پاکستان کو ہوا،حملے میں 37کارکنان زخمی اور 1کارکن شہید ہوا،کراچی کے نوجوانوں نے آزادی کشمیر کی جدوجہد میں بڑی قربانیاں اور خون دیا ہے،یہ معصوم اور پاک خون کشمیر کی آزادی کا ذریعہ بنے گا،کشمیر ہماری زندگی وموت اور ملک کی بقاء و سلامتی کا مسئلہ ہے، حکمرانوں نے کشمیر سے دست بردار ہونے کی کوشش کی تو یہ نظریاتی اور جغرافیائی طور پر موت ثابت ہوگی،مسئلہ کشمیر سے غداری کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی،مسئلہ کشمیر پر وفاقی حکومت کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے جس پر پوری قوم اور کشمیری بھی ناخوش ہیں،حکمرانوں نے تقریروں کے علاوہ کوئی ایکشن نہیں لیا اورمودی کو کوئی چیلنج نہیں دیا،جدوجہد آزادی کشمیر کی حمایت اور پشتیبانی جاری رکھیں گے۔