• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیرکےعوام کوتنہا نہیں چھوڑیں گے، مقررین،پاک سوئیڈن فرینڈشپ فورم کےتحت تقریب

سٹاک ہوم(کاشف عزیز بھٹہ ) گزشتہ سال 5 اگست کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے اور جموں و لداخ کو کشمیر سے الگ کرنے کی غیر قانونی کوشش کی تھی اور کشمیر پر لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا تھا آج بھارت کی جانب سے کئے جانے والے اس ظلم اور بربریت کے اقدام کو ایک سال پورا ہونے پر کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سویڈن میں بھی یوم استحصال منایا گیا، اسی سلسلہ میں سویڈن پاکستان فرینڈشپ فورم کے زیر اہتمام سٹاک ہوم میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا اور کار ریلی بھی نکالی گئی۔اس موقع پر سویڈن پاکستان فرینڈ شپ فورم کے عہدیداران اور کمیونٹی کےذمہ داران نے خطاب بھی کیا اور مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بھارت کی بھرپور مزمت کی۔صدر فرینڈ شپ فورم جنید نواز چوہدری نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوریں گے، مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کریک ڈاؤن کا ایک سال مکمل ہوگیا۔ کشمیریوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ،انہوں نے کہا کہ سویڈن پاکستان فرینڈشپ فورم سویڈن میں مظلوم کشمیریوں کےحقوق کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتا رہے گا ۔پاکستان کرکٹ اینڈ کلچرل سوسائٹی سویڈن کے صدر مقصود خواجہ نے پیغام میں کہا کہ ہمارےلئے کشمیریوں کی زندگی کی بہت اہمیت ہے، ہمارے کشمیری بہن بھائی ہمیشہ ہماری دعاؤں میں ہیں اور ہم دعاگو ہیں کہ اللہ کشمیری عوام کو جلد آزادی سے نوازے،فرینڈ شپ فورم کے نائب صدر شکیل چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم مظلوم کشمیریوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں ،مقبوضہ کشمیر خطے کا فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔مسلم لیگ ن سویڈن کے سینئر رہنما طارق چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم استحصال کا مقصد دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کرنا ہے۔فرینڈ شپ فورم کے سینئر نائب صدر حسن چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 اگست انسانی تاریخ کا ایک تاریک دن ہے جب مودی سرکار نے انسانی حقوق کی پامالی کی ایک نئی مثال قائم کی۔سماجی شخصیت میاں آصف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے ۔ دیگر مقررین جن میں میاں کاشف ،حافظ عثمان ،علی عطا،ثقلین سرفراز و دیگر شامل تھے جنہوں نے بھرپور انداز سے بھارت کی مزمت کی اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔تقریب کے بعد سٹاک ہوم کے مرکز میں پاکستان سویڈن فرینڈشپ فورم کی جانب سے یوم استحصال کشمیر کار ریلی بھی نکالی گئی جس میں شرکا نے کشمیر اور پاکستانی جھنڈے لہرائے اور کشمیر بنے گا پاکستان اور انڈیا مخالف نعرے لگائے گئے۔

تازہ ترین