• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان سے UN جنرل اسمبلی کے منتخب صدر کی ملاقات


وزیراعظم عمران خان سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے منتخب صدر وولکن بوزکر کی ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم نے جنرل اسمبلی کے 75ویں اجلاس کیلئے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملے، ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق ایشو، اسلامو فوبیا کے خاتمے، ترقی پزیر ممالک سے غیرقانونی طور پر رقوم کی منتقلی کا معاملہ اٹھایا۔

عمران خان نے ملاقات میں قرضوں سے ریلیف سے متعلق عالمی مہم سے بھی آگاہ کیا۔

عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملے پر کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی۔

عمران خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے، اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دی جائے، سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں میں کشمیریوں کو حق ارادیت دینے کا وعدہ ہے۔

ملاقات میں وزیراعظم نے وولکن بوزکر کو کورونا کے دوران حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا، عمران خان نے بتایا کہ حکومت پاکستان کا فوکس لوگوں کی زندگیاں بچانا اور معیشیت کی بحالی تھا، غریب اور ضرورت مندوں کیلئے حکومت پاکستان نے 8 ارب ڈالر کا پیکج دیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ پاکستانی تاریخ میں کسی حکومت کی جانب سے سب سے بڑا ریلیف پیکج ہے، کورونا وائرس کے دوران ترقی پزیر ممالک کو معاشی ریلیف فراہم کیا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ امید ہے اقوام متحدہ کی 75ویں جنرل اسمبلی مذکورہ تمام تر ایشوز کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھے گی کیونکہ یہ ایشوز دنیا بھر میں اربوں لوگوں کو متاثر کرتے ہیں۔

تازہ ترین