وفاقی وزیر سمندری امور سید علی حیدر زیدی سے متحدہ عرب امارات کے وفد نے کراچی میں ملاقات کی۔
سرکاری ترجمان کے مطابق ملاقات میں چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ بھی شریک تھے۔
امارتی وفد میں محمد المعلم سی ای او ڈی پی ورلڈ، عمر المحیری وائس پریذیڈنٹ گورنمنٹ افیئرز شریک تھے۔
اس موقع پر وفاقی سیکریٹری میری ٹائم افیئرز رضوان احمد اور چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی بھی موجود تھے۔
ترجمان وزارتِ سمندری امور کے مطابق ملاقات میں دبئی کی پاکستان میں سرمایہ کاری پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر پاکستانی بندرگاہوں کے ترقیاتی منصوبے گفتگو کا محور رہے۔
ترجمان وزارتِ سمندری امور کے مطابق دبئی کی قیادت پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔
ترجمان کے مطابق بندرگاہوں سے متعلق باہمی تعاون کے منصوبوں پر بات چیت بھی کی گئی۔