سپریم کورٹ آف پاکستان نے کراچی کے تمام مقامات اور نجی جائیدادوں سے بل بورڈز ہٹانے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس پاکستان، جسٹس گلزار احمد نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بل بورڈز گرنے سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کی۔
چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے ریمارکس دیے، سندھ حکومت اور میئر ، کراچی سے دشمنی کررہے ہیں، میئر کے پاس اختیارنہیں تو گھر جائیں، شہر کی جان چھوڑیں،کراچی میں ہر طرف کچرا ہے، گندگی ہے، تعفن ہے، بچے نالوں اور گٹر میں روز ڈوبتے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ادارے مافیا بن چکے ہیں نہ سندھ حکومت کی کوئی رٹ ہے، نہ کوئی کراچی کو بنانے والا ہے، لوگ آتے ہیں، جیبیں بھرتے ہیں اور چلے جاتے ہیں، کوئی ہے جو اس شہر کو صاف کرے؟
عدالت نے کمشنر کو حکم دیا کہ کراچی میں تمام سرکاری مقامات اور نجی جائیدادوں سے بل بورڈ اور سائن بورڈ فوری ہٹا ئیں۔
چیف جسٹس نے مئیر سے پوچھا کہ آپ کب جائیں گے، وسیم اختر نے بتایا، ان کی مدت 28 اگست کو ختم ہوگی، چیف جسٹس نے کہا جاؤ تاکہ جان چھوٹے شہر کی۔