• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی نظام پر میری درخواست 4سال سے سپریم کورٹ میں پڑی ہے، میئر کراچی

کراچی ( آن لائن ) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کے شہری 95فیصد ٹیکس سندھ اور 65؍ فیصد ٹیکس وفاق کو دیتے ہیں یہ ٹیکس کہاں جاتا ہے، کراچی کا بیڑا غرق کردیا گیا، نالوں کی صفائی کیلئے پورا پاکستان کراچی پہنچ گیا ، اگر کوئی مجھے یہ گارنٹی دے کہ میرے استعفیٰ دینے سے کراچی کے مسائل حل ہوجائیں گے تو میں استعفیٰ دینے کو تیار ہوں، بلدیاتی نظام پر میری درخواست 4سال سے سپریم کورٹ میں پڑی ہے ۔ یہ بات انہوں نے پیر کے روز سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پیش ہونے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، میئر کراچی نے کہا کہ جن حالات میں کام کر رہا ہوں وہ انتہائی مشکل حالات ہیں ان سے کون پوچھے گا جنہوں نے ایک دن کے اندر میرے خلاف جعلی کیسز میں 20 ، 20 ایف آئی آر درج کی اور 40ایف آئی آر کے ساتھ روز میئر کی حیثیت سے عدالت میں کھڑا ہوتا ہوں اور مقدمات کا سامنا کر رہا ہوں، میں گزشتہ چار سال سے پورے پاکستان کے بلدیاتی نمائندوں کو اختیار دینے کی آواز بلند کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی ناراضی بجا ہے، دس بارہ سالوں میں کراچی کا جو حال ہوا ہے اس پر کوئی بھی درد مند دل ایسے ہی جذبات کا اظہار کرے گا، ہم اپنی مدت پوری کررہے ہیں بلدیاتی الیکشن مستقبل قریب میں نظر نہیں آرہے۔ انہوں نے کہا کہ جو اختیارات مجھے حاصل ہیں اس طرح کے اختیارات کے ساتھ کوئی بھی میئر آجائے کچھ نہیں کرسکتا، میڈیا کے توسط سے میں چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ وہ میری دائر کردہ پٹشن جس میں قانون شق نمبر 140 -A کے تحت اختیارات مانگے گئے ہیں اس کی سماعت کریں تاکہ ملک بھر کے بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات مل سکیں،اگر اس پٹشن کا فیصلہ اب تک ہوجاتا تو آج حالات ایسے نہیں ہوتے، اختیارات نہ ہونے کے سبب اس نظام نے پورے ملک کو کوئی فائدہ نہیں پہنچایا۔

تازہ ترین