• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کی پیشی کے بعد ن لیگ زیادہ منقسم نظر آئی، فواد چوہدری


کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مریم نواز کی پیشی کے بعد ن لیگ زیادہ منقسم نظر آئی، نیب برسوں کیس لے کر بیٹھے رہے اورتفتیش بھی مکمل نہ کرے تو یہ اس کی ناکامی ہے، ن لیگ مریم نواز کی نیب میں پیشی کو سیاسی ایونٹ بنانا چاہتی تھی، ن لیگ کی طرح اپوزیشن بھی مزید تقسیم ہوتی جارہی ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال اور جے یوآئی ایف کی رہنما شاہدہ اختر علی بھی شریک تھیں۔احسن اقبال نے کہاکہ مریم کی نیب میں پیشی کے موقع پر کارکن انتہائی پرامن تھے، حکومت نے منصوبہ بندی کے تحت اس موقع پر ناٹک مچایا،محرم کے فوری بعد یا اس سے پہلے آل پارٹیز کانفرنس ہوجائے گی،مولانا فضل الرحمٰن چاہتے ہیں اپوزیشن قیادت اکٹھے ہو کر یکسوئی سے حکومت مخالف تحریک چلائے، اپوزیشن کے درمیان بداعتمادی نہیں باہمی رابطوں کا فقدان ہے،پارٹی میں نواز شریف کی قیادت پر کسی کو اختلاف نہیں ہے،شاہدہ اختر علی نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام حکومت کیخلاف تحریک چلائے گی،اپوزیشن کوحکومت کیخلاف بے جان تحریک نہیں جاندار تحریک چلانے کا فیصلہ کرنا ہوگا، ایسا لگتا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس محرم کے بعد ہی ہوگی،حکومت ذاتی دشمنی پر اتر آئی ہے، ہمیں پارلیمنٹ میں بولنے بھی نہیں دیا جارہا، جے یو آئی کو جان بوجھ کر قانون سازی کے عمل سے باہر رکھا گیا۔

تازہ ترین