• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رافیل طیارے ہماچل پردیش میں، نئے طیاروں کی رات میں مشقیں

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی فضائیہ نے فرانس سے حاصل ہونے والے پانچ نئے رافیل طیاروں کو لداخ ریجن میں تعینات کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دیے ہیں جہاں چین کے ساتھ لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر لداخ ریجن میں دونوں ملکوں میں کشیدگی کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، بھارتی فضائیہ کے گولڈ ایروز اسکوارڈن کے پائلٹس رات کے اوقات میں ہماچل پردیش کے پہاڑی علاقوں میں پروازوں کی مشق کر رہے ہیں اور تیاریاں کر رہے ہیں کہ صورتحال بگڑنے کی صورت میں فضائی پہلے سے تیار ہو۔ اسکوارڈن رافیل طیاروں کے ذریعے فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سسٹم میٹور کے ذریعے پریکٹس کر رہے ہیں تاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ سرکاری عہدیدار لڑاکا طیاروں کو لائن آف ایکچوئل کنٹرول سے دور رکھا جا رہا ہے کہیں ایسا نہ ہو کہ چائنیز فوج کے ریڈار اکسائی چن کے مقبوضہ علاقے میں طیاروں کی فریکوئنسی سگنیچر پکڑ کر انہیں جام نہ کر دیں۔ تاہم، عسکری فضائی ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے طیارے پروگرام ایبل سگنل پراسیسرز (پی ایس پی) سے لیس ہیں اسلئے انہیں تربیتی مقاصد کیلئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے تاکہ کسی بھی مشکل صورتحال میں فریکوئنسی تبدیل کی جا سکے۔ ایک ماہر کا کہنا تھا کہ اگرچہ چائنیز فوج نے اکسائی چن کے مقبوضہ علاقے میں الیکٹرانک انٹیلی جنس ریڈار نصب کر دیے ہیں تاکہ فضائی کارروائیوں پر نظر رکھی جا سکے لیکن تربیتی اور مشق کے مقاصد کے دوران استعمال کی جانے والی فریکونسی فوجی کارروائی کی صورت میں استعمال کی جانے والی فریکوئنسی سے مختلف ہوگی۔
تازہ ترین