• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کی ایک پیشی پی ٹی آئی کے اعصاب پر سوار ہو گئی، تجزیہ کار


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال مریم نواز کی نیب لاہور میں پیشی، شہزاد اکبر اور مریم نواز کا ایک دوسرے پر پتھراؤ کا الزام، کس کا موقف درست ہے؟تجزیہ کاروں نے کہا کہ مریم نواز کی ایک پیشی پی ٹی آئی کے اعصاب پر سوار ہوگئی،مریم نواز کی پریس کانفرنس میں شہبازشریف کیوں نہیں تھے،منصوبہ بندی کے تحت کارکنوں کوبلایا گیا۔

منیب فاروق نے کہا کہ ن لیگ مریم نواز کی پیشی کو سیاسی ایونٹ بناسکتی ہے لیکن کارکنوں سے پتھراؤ کروانے سے انہیں کیا فائدہ ہوگا، اگر مسلم لیگ ن نے واقعی ایسا کیا تو اس سے زیادہ گھٹیا منصوبہ بندی نہیں ہوسکتی تھی، ق لیگ سمجھتی ہے کہ آج الیکشن ہوئے تو پنجاب میں ن لیگ سوئپ کرجائے گی اس کیلئے نواز شریف کو انتخابی مہم چلانے کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی، مریم کو نواز شریف سے الگ کر کے جان بوجھ مریم صفدر اعوان کہنا بہت گھٹیا بات لگتی ہے۔

ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ مبارک ہو آج پتا چلا نواز شریف اور مریم نواز کبھی خاموش رہ کر اور کبھی بول کر ملک وقوم کی خدمت کررہے ہیں،مریم نواز کی پریس کانفرنس میں شہباز شریف کیوں موجود نہیں تھے، مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر منصوبہ بندی کے تحت کارکنوں کوبلایا گیا اور گاڑیوں میں پتھر لائے گئے، نواز شریف ، مریم نواز اور شہباز شریف کی درجنوں پیشیاں ہوئیں یہ کارکن کہاں تھے۔

تازہ ترین