• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان دھرتی ماں ، کوئی ہمیں جدا نہیں کر سکتا، اقلیتی رہنما ء

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے اقلیتی سیاسی رہنمائوں نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اقلیتی برادری کو جنتی مذہبی آزادی حاصل ہےوہ دنیا میں کہیںنہیں ، قومی پرچم کا سفید حصہ ہمارے حقوق کی ضمانت دیتا ہے، بلوچستان میں بھرپور مذہبی ہم آہنگی ہے ، صوبے میں مذہبی منافرت پھیلانے کی سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہاروزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے اقلیتی امور دنیش کمار اورسابق رکن قومی اسمبلی خلیل جارج نےگزشتہ شب مقامی ہال میں اقلیتوں کے عالمی دن 11 اگست کی مناسبت سے مدر ٹریسا میموریل سوشل ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے سابق رکن صوبائی اسمبلی انیتا عرفان و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعلیٰ کے مشیر برائے اقلیتی امور دنیش کمار نے کہا کہ بلوچستان میں مسیحی اور ہندو برداری نے تعلیم ، صحت سمیت تمام شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں ، ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اقلیتی برادری بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھر پور کردار ادا کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان میں اقلیتی برادری کا لہو شامل ہے ، ہمارے آباؤ اجداد نے تقسیم کے وقت اس مقدس دھرتی کا انتخاب کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ یہ دھرتی ہماری ماں ہے اسے کسی صورت نہیں چھوڑیں گے، خلیل جارج نے کہا کہ گیارہ اگست کا دن بلوچستان میں آباد اقلیتی برادری کے لیے اس عزم کا دن ہے کہ وطن عزیز کے دفاع میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے یہ ملک ہمارا ہے ہمیں اس سے کوئی جدا نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آباد تمام اقلیتیں اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ ہیں ۔ 
تازہ ترین