جاپان میں سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیرکے موقعے پر جنوبی ایشیا میں امن اور سلامتی کو درپیش چیلنجز کے عنوان سے ویب سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کی نظامت سفیر پاکستان امتیاز احمد نے کی جبکہ شرکاءمیں جاپان پاکستان ایسوسی ایشن کے صدر شن ایمائزومی Shin Imaizumi ،پاکستان میں جاپان کے سابق سفیر ساداکی نوماتا Saadaki Numata ،پاکستان میں جاپان کے سابق سفیر کوجیما سیجی Kojima Seiji اور فیوجی ٹی وی کی جنرل مینجر سینئر صحافی چیوکو ناکاموتو Chiyoko Nakamoto سمیت پاکستانی میڈیا کی متعدد شخصیات نے شرکت کی ۔ اس موقع پر سفیر پاکستان امتیاز احمد نے سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے پانچ اگست کو2019 بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے لیے آرٹیکل 370واپس لینے کے بعد علاقے کے امن اور سلامتی کو سنگین خطرات پیدا ہوگئے ہیں۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ جموں و کشمیر قیام پاکستان کے وقت سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بین الاقوامی تسلیم شدہ تنازع ہے۔ سفیر پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی پر آواز بلند کرے اور بھارت پر دباو ڈالے کہ وہ کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے حل کرے اس موقع پر جاپانی سفارتی شخصیات نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ایک عالمی تسلیم شدہ مسئلہ ہے اس کو حل کرنے کے لیے پاکستان اور بھارت کو دوطرفہ مذاکرات کرنے کی ضرورت ہے، مقررین نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان اور بھارت دونوں تسلیم شدہ ایٹمی طاقتیں ہیں اور اگر اس مسئلے کا فوری حل نہ نکالا گیا تو مسئلہ کشمیر خطے میں ایٹمی جنگ کا سبب بن سکتا ہے ۔
مقررین نے کہا کہ ماضی میں بھارت نواز کشمیری سیاستدان بھی اب بھارت مخالف ہوچکے ہیں ،محبوبہ مفتی کو بھارتی حکومت نے تاحال گرفتار کرکے رکھا ہے جبکہ فاروق عبداللہ کو بھی چھ ماہ تک نظر بند رکھا گیا، حریت کانفرنس کے تمام اہم رہنما تاحال گرفتار ہیں ، عوام کو سڑکوں پر آنے اور پر امن احتجاج سے بھی قابض فوج کے ذریعے روکا جارہا ہے ، عوام کو انٹر نیٹ اور ٹی وی جیسی سہولتیں میسر نہیں ہیں ، محبوبہ مفتی کہہ چکی ہیں کہ بھارت نے کشمیر کا خصوصی اسٹیٹس ختم کرکے اپنے جمہوری چہرے پر کالک مل لی ہے۔
تقریب کے آخر میں سفیر پاکستان امتیاز احمد نے تمام شرکاءکا فرداََ فرداََ شکریہ ادا کیا ۔کشمیر یکجہتی فورم جاپان کے آرگنائزر شاہد مجید ایڈوکیٹ نے کہا ہےکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی محاصرہ کشمیر کی وادی کو لہولہان کر رہا ہے ،کشمیر کے عوام کی امنگوں کوغلام نہیں بنایا جاسکتا، انہوں نے اپیل کی ہے کہ عالمی برادری محاصرے کے خاتمے کے لیے بھارت کی نسل پرست ریاست پر اپنا اثر و رسوخ ڈالے، مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے ۔آر ایس ایس کے نظریہ کو ناکام بنانا ہوگا ۔
کشمیرمیں استصواب رائے کے ذریعے امن قائم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے شکریہ ادا کیاکہ پاکستانی عوام اور جمہوری و آئینی ادارے اپنے کشمیری بھائیوں و بہنوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کی وجہ سے مسئلہ کشمیر دنیا بھر میں اجاگرکر رہے ہیں، جبکہ بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی طرف سے جاری خاموشی انسانی حقوق کے علمبرداروں کے لیے سوالیہ نشان ہے، اس لئے اب عالمی برادری کو چاہیے کہ کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت کے آزادانہ استعمال کی اجازت دینے کی جہدو جہد کو تسلیم کرے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کو محاصرہ ختم کرنے پر مجبور کیا جائے۔
جاپان میں عید الاضحی کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے جاپان میں مقیم معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور صدر گجر انٹرنیشنل فورم جاپان ڈاکٹر سفیان رؤف گجر کی جانب سے جاپان کے تاریخی اور پر فضا مقام اسکوبا ماؤنٹین پہ پرتکلف عید مِلن پارٹی کا اہتمام کیا گیا ،جس میں بزنس کمیونٹی، سمیت سیاسی اور میڈیا کی اہم شخصیات نے شرکت کی ۔ عید مِلن پارٹی روائتی طور پر ایک تقریب کی شکل اختیار کر گئی۔گجر فورم کے ممبران کی طرف سے مہمانوں کا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا ۔
تقریب کا آغاز باقاعدہ تلاوت کلام پاک سے ہوا ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان، کشمیر فورم جاپان کے آرگنائزر پی پی جاپان کے صدر شاہد مجید ایڈوکیٹ انٹرنیشنل پریس کلب جاپان کے صدر عرفان صدیقی ،پاکستان ایسوسی ایشن جاپان کے صدر شیخ ذولفقار علی، ن لیگ جاپان کے سینئر نایب صدر ملک یونس، نائب صدر ابرار شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل چوہدری انصر ابراکی کے صدر تجمل منجُ، نوجوان راہنما محمد ارسلان، رانا حلیم خان، چوہدری آفتاب گجر، چوہدری ذیشان گجر سمیت دیگر کمیونٹی کے راہنماوں نے شرکت کی۔
ڈاکٹر سفیان نے افتتاحی کلمات میں مہمانوں کی تشریف آوری کا بہت شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عیدالاضحی ہمیں قربانی کا درس دیتی ہے اور سنت ابراہیمی کی یاد دلاتی ہے،دیگر مقررین نے بھی دنیا بھر میں کورونا کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئےکہا کہ للہ تعالی ہم سب کو تمام بیماریوں اور آفات سے محفوظ رکھے۔ عید مِلن پارٹی کے اختتام پر ملک نور اعوان نے استحکام پاکستان، آزادی کشمیر ،کورونا سے چھٹکارااور عالم اسلام کی سربلندی کے لیے دعا کروائی۔