آپ آف لائن ہیں
منگل11؍صفر المظفّر 1442ھ 29؍ستمبر 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

عاصم اظہر کا ضرورتمند مداح کو خطیر رقم کا عطیہ

پاکستان میوزک انڈسٹری کے نوجوان اور باصلاحیت گلوکار عاصم اظہر نے نانی کے علاج کیلئے پیسوں کے ضرورتمند مداح کی مدد کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اُسامہ نامی صارف نے اپنی پریشانی بتاتے ہوئے کہا کہ اُن کی نانی میں گلے کے کینسر کی تیسری اسٹیج کی تشخیص ہوئی ہے جس کے علاج کیلئے انہیں 51 ہزار روپے کی خطیر رقم درکار ہے۔

عاصم اظہر نے صارف کو جواب دیتے ہوئے اُن سے نمبر مانگا اور لکھا کہ کوئی فکر کی بات نہیں سب ہوجائے گا۔

عطیہ جمع ہوجانے کے بعد اُسامہ نامی صارف نے بتایا کہ انہیں عاصم اظہر کے توسط سے خطیر رقم کا عطیہ ملا ہے۔

صارف نے اپنے ٹوئٹ میں عاصم اظہر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

عاصم اظہر نے اپنے جوابی ٹوئٹ میں صارف کی نانی کے لئے دعائیہ کلمات لکھے اور  کہا کہ ’اللہ آپ کی نانی اور ہمارے سارے بزرگوں کو صحت اور خوشی دے(آمین)‘

عاصم کے اس اقدام پر جہاں کئی سوشل میڈیا صارفین نے انہیں سراہا تو کہیں کچھ لوگ ان پر یہ کہتے ہوئے تنقید کرتے دکھائی دئیے کہ انہیں یہ کام پردے سے کرنا چاہئے نہ کہ یوں سرِ عام سب کو یوں بتا بتا کر کیا جائے۔

عاصم اظہر نے ایسے ٹوئٹس کرنے والے صارفین کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’اللہ بہت بڑا ہے روزانہ ہم جیسے گنہگاروں کو اچھائی کا موقع دیتا ہے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’میرا مقصد ہرگز کسی کو دکھانا نہیں ہے لیکن یہ ضرور ہے کہ شاید کوئی ایک بندہ بھی دیکھا دیکھی میں ایک اور اچھائی کردے۔‘

آخر میں انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’اس سے بہتر کچھ نہیں میری نظر میں۔‘

انٹرٹینمنٹ سے مزید