• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم آزادی پر میر شکیل الرحمٰن کو قید رکھنا افسوس کا مقام ہے، مقررین

یوم آزادی پر میر شکیل الرحمٰن کو قید رکھنا افسوس کا مقام ہے، مقررین 


کراچی / لاہور / راولپنڈی / ملتان ( اسٹاف رپورٹر / نمائندگان جنگ) جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میرشکیل الرحمٰن کی نیب کے ہاتھوں غیرقانونی گرفتاری کےخلاف جمعرات کے روز بھی کراچی ، لاہور ، راولپنڈی اور ملتان سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جس میں سیاسی رہنماؤں ، سینئر صحافیوں سمیت جنگ جیو کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ایڈیٹر انچیف جنگ جیو میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کیلئے نعرے لگائے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ تحریک آزادی میں کردار ادا کرنے والےجنگ گروپ کے بانی میر خلیل الرحمٰن اور ان کے خاندان کی جدوجہد کسی سے ڈھکی چھپی نہیں لیکن آزادی کے بعد آج یوم آزادی ان کے بیٹے میر شکیل الرحمٰن جیل میں گزاریں گے، یوم آزادی پر میر شکیل الرحمٰن کو قید رکھنا افسوس کا مقام ہے۔دوسری جانب کراچی میں صحافی تنظیموں، جنگ جیو ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام میرشکیل الرحمٰن رہائی احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے سی پی ایل سی کے سابق چیف احمد چنائے نے میرشکیل الرحمٰن کی گرفتاری پاکستانی صحافت کے سب سے بڑے ستون کو گرانے کے مترادف ہے، حق اور سچ کی علامت جنگ گروپ پوری دنیا کے اردو میڈیا میں اہم حیثیت رکھتا ہے، 34سال پرانے بے بنیاد اور جھوٹے کیس میں میرشکیل کی گرفتاری میری کیا پاکستان کے کسی بھی شہری کی سمجھ سے باہر ہے، ہمارا یہ عزم ہے کہ حکومتی اور ریاستی تشدد سے صحافت کو آزاد کرائیں گے جنگ اور جیو کے صحافی اور کارکن جب جب آواز دیں گے ہم آپ کے ساتھ ہر جگہ احتجاج کرنے آئیں گے۔ اس موقع پر ایپنک کے سیکرٹری جنرل شکیل یامین کانگا، بابائے اسپورٹس بلوچستان عطا محمد کاکڑ، ایپنک کراچی کے وائس چیئرمین رانا محمد یوسف، دی نیوز کے جنرل سیکرٹری دارا ظفر نے بھی خطاب کیا ہے۔ مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر اقبال خاکسار، اپنا سہارا ویلفیئر سوسائٹی کے چیئرمین منصور درانی، دی نیوز کے صدر سعید محی الدین پاشا اور دیگر بھی موجود تھے۔

تازہ ترین