برطانوی حکومت نے فنڈنگ کے پرانے نظام کو ختم کرکے مقامی کونسلوں کے لیے تقریباً 78 ارب پاؤنڈ کی خطیر رقم مختص کرنے کا اعلان کیا ہے، جسے مقامی حکومتوں کی فنڈنگ کے نظام میں ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔
اس مالی پیکج کے نتیجے میں ملک کی سب سے زیادہ محروم 10 فیصد کونسلوں کو فی کس 24 فیصد اضافی فنڈنگ ملے گی، جس کا مقصد محرومی کے شکار علاقوں میں سہولتوں کی بحالی اور عوامی خدمات کو بہتر بنانا ہے۔
وزارتِ ہاؤسنگ، کمیونٹیز اینڈ لوکل گورنمنٹ کے مطابق نئے نظام کے تحت زیادہ وسائل اُن علاقوں کو دیے جائیں گے جہاں ضرورت سب سے زیادہ ہے۔
اس اضافی فنڈنگ سے کونسلوں کو لائبریریاں، یوتھ سروسز، کمیونٹی مراکز، صاف ستھری سڑکیں اور دیگر عوامی سہولتیں بحال کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ رقم گزشتہ ایک دہائی میں پہلی بار متعارف کرائی جانے والی کئی سالہ فنڈنگ سیٹلمنٹ کا حصہ ہے، جس کے تحت کونسلوں کو تین سال کی مالی یقین دہانی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ عارضی بحرانوں سے نمٹنے کے بجائے طویل المدتی منصوبہ بندی کر سکیں۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق اس سیٹلمنٹ کے اختتام تک مقامی کونسلوں کی بنیادی اخراجاتی صلاحیت میں 2024-25 کے مقابلے میں 23 فیصد سے زائد اضافہ ہو گا، جس سے کچرا اٹھانے، رہائش اور بچوں کی سماجی خدمات جیسے شعبوں کو تقویت ملے گی۔
سیکریٹری آف اسٹیٹ اسٹیو ریڈ نے کہا ہے کہ یہ اقدام گزشتہ دس برسوں کی کٹوتیوں سے آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے اور مقامی قیادت کو کھوئی ہوئی سہولتیں بحال کرنے میں مدد دے گا۔