• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نہار منہ اجوائن قہوہ پینے کے 5 فوائد

گرم مسالے میں شمار کی جانے والی اجوائن کے استعمال کے بے شمار فوائد ہیں، اسے نا صرف کھانوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے بلکہ اس کا قہوہ بھی بنا کر پیا جا سکتا ہے۔

صدیوں سے استعمال کی جانے والی اجوائن مجموعی صحت پر مثبت طریقے سے اثر انداز ہوتی ہے، اسے قدرتی اینٹی آکسیڈنٹ بھی کہا جاتا ہے ، نہار منہ اس کے قہوے کے استعمال سے وزن میں کمی سمیت جلد صاف ہوتی ہے اور جسم سے مضر صحت مادوں کا صفایا بھی ہوتا ہے جس کے نتیجے میں کئی وائرل بیماروں سے بچنے میں مدد ملتی ہے ۔

اجوائن ایک طبی مسالہ ہے جس میں کاربوہائیڈریٹس ، فیٹ ، پروٹین ، فائبر، موئسچر ، منرلز ، کیلشیم ، فاسفورس، آئرن ، کوبالٹ ، کوپر ، آئیوڈین ، میگنیشیم ، تھائیمائین اور ریبو فلاون پایا جاتا ہے، اسی لیے ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ چھوٹے بیجوں کی شکل میں یہ ایک صحت کے لیے بھر پور خزانہ ہے۔

نہار منہ اجوائن قہوہ پینے کے 5 فوائد

معدے کی صحت کے لیے مفید

اجوائن قہوہ پینے سے معدے کی صحت بہتر ہوتی ہے، کارکاردگی میں اضافہ ہوتا ہے اور متعدد بیماریوں کی جڑ قبض کی شکایت سے بھی چھٹکارہ ملتا ہے، اجوائن قہوہ پی لینے سے غذاجلدی ہضم ہوتی ہے، بد ہضمی کی صورت میں اجوائن قہوے کا استعمال نہایت مفید ثابت ہوتا ہے ۔

انفیکشن اور وائرل سے چھٹکارہ ملتا ہے

اجوائن میں اینٹی سیپٹک ، اینٹی مائیکروبیل اور اینٹی پیرا سائیٹک خصوصیات پائی جاتی ہیں جس کے نتیجے میں انسان ہر قسم کے انفیکشن اور وائرل بیماری سے محفوظ رہتا ہے، اجوائن قوت مدافعت کی کارکاردگی بڑھاتی ہے ۔

اجوائن سانس میں دشواری کا سبب بننے والی وجوہات کا خاتمہ کرتی ہے

اجوائن کا استعمال سانس کی نالی، پھیپڑوں کی صحت کے لیے بہتر ثابت ہوتی ہے، جن افراد کو دھول مٹی سے الرجی ہوتی ہے وہ اس کے قہوے سے مستفید ہو سکتے ہیں جبکہ اس کا استعمال دمے کے مریضوں کے لیے بھی نہایت مفید ثابت ہوتا ہے ۔

وزن میں کمی کا باعث

اجوائن کا استعمال کولیسٹرول کی سطح متوازن رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے جبکہ ذیابطیس، دل کا عارضہ اور موٹاپا بننےوالی وجوہات کے خلاف مؤثر کردار ادا کرتا ہے ۔

جوڑوں میں درد کا علاج

جن افراد کو جوڑوں میں درد کی شکایت ہے اجوائن اُن کے استعمال کے لیے بھی مفید ہے، اجوائن قہوہ درد کی شدت میں کمی لاتا ہے جس سے درد میں آرام ملتا ہے ۔

جرنل آف انفلامیشن میں  شائع ہونے والی ایک ہیلتھ رپورٹ کے مطابق جوڑوں میں  درد سوجن کے باعث ہوتا ہے جبکہ اجوئن میں اینٹی انفلامینٹری خصوصیات پائی جاتی ہیں ۔

اجوائن قہوہ میں استعمال ہونے والے اجزا

ایک چائے کا چمچ اجوائن ، 500 ملی لیٹر پانی ، 1 لیموں ، ایک چائے کا چمچ سیب کا سرکہ ، ایک چائے کا چمچ ہلدی پاؤڈر، ایک چٹکی کالا نمک اور ایک چائے کا چمچ شہد لے لیں ۔

اجوائن قہوہ بنانے کا طریقہ

پانی میں اجوائن کو ابلنے تک پکا لیں، اب اس قہوے کو چھان لیں اور اس میں لیموں کا رس ، سیب کا سرکہ ، شہد، ہلدی  اور کالا نمک شامل کریں اور اچھی طرح سے ملا کر نیم گرم استعمال کریں ۔

تازہ ترین