کراچی ( پ ر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کے ریمارکس سندھ حکومت کی ناکامی کا سب سے بڑا ثبوت ہیں۔چیف جسٹس کے ریمارکس کے بعدسندھ حکومت کے وزراء کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہئے،سندھ حکومت اپنی کارکردگی کا جواب اب چیف جسٹس کو دے،سندھ حکومت عوام کے پیسے سے مخصوص لوگوں کی پرورش کررہی ہے، ایک بیان میں خرم شیر زمان نے کہا کہ 12سال مسلسل سندھ پر حکمرانی کرنے کے باوجود پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام کو ایک منصوبہ تک نہیں دیا، بی آر ٹی منصوبے کے آغاز نے اپوزیشن کی تنقید کو دفن کردیا ہے،کے پی کے، پنجاب، اسلام آباد میں میٹرو، بی آرٹی سروس جبکہ سندھ میں اجرک کے نمبر پلیٹ اور ماسک بنائے جارہے ہیں،بلاول زرداری اپنے ہمنواؤں کے ہمراہ پشاور بی آر ٹی کا دورہ کریں،اورینج لائین سے لیکر نیلی پیلی بسوں کے نام پر سندھ کے عوام کو چونا لگایا گیا،دیگر صوبے دن بدن ترقی کررہے ہیں جبکہ سندھ موئن جو دڑو بنتا جارہا ہے۔