اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) احتساب عدالت نے جعلی اکاونٹس کیسز میں سابق صدر آصف علی زرداری سمیت 13 ملزمان کی چارج شیٹ جاری کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری نے یونس کڈواوی اور اقبال میمن کے ذریعےجعلی کمپنی پارتھینن بنائی،جعلی کمپنی سے رقم اپنی کمپنی کے اکاؤنٹ میں منتقل کی، ڈیڑھ ارب روپےکی رقم کی کرائم پروسیڈ چھپانےکیلئےجعلی اکاؤنٹس میں گھمائی گئی۔ سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ تمام الزامات کو سمجھ چکا، مسترد کرکے اپنا مکمل دفاع کروں گا۔ادھرسابق صدر آصف علی زرداری نے توشہ خانہ کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق احتساب عدالت میں 17 اگست کو توشہ خانہ کیس کی ہونے والی سماعت میں سابق صدر آصف علی زرداری نے پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری، فریال تالپور کل کراچی سے اسلام آباد پہنچیں گے۔ پیپلزپارٹی نے آصف علی زرداری کی پیشی پر بھرپور شو آف پاور کا فیصلہ کیا ہے۔ پی پی ارکان پارلیمان اور پیپلز لائرز فورم کے ارکان کو 17 اگست کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں آصف زرداری کے وارنٹ جاری کر رکھے ہیں جبکہ سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نےتوشہ خانہ ریفرنس میں پیشی سےاستثنیٰ حاصل کر رکھا ہے۔ بدھ کو آصف علی زرداری نے احتساب عدالت میں میڈیکل رپورٹ کے ہمراہ جمع کرائی گئی درخواست میں کہا تھا کہ ڈاکٹرز نے سفر سے منع کیا ہے، اس لیے عدالتی حکم کے تحت 17 اگست کو پیش نہیں ہوسکتا لہذا ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگائی جائے۔ احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 17 اگست کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا تھا۔