واشنگٹن(جنگ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ میں ایران کے خلاف بین الاقوامی پابندیوں میں توسیع کے لیے’اسنیپ بیک‘ کو آئندہ ہفتے استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔دوسری جانب یورپی یونین نے کہاہے کہ امریکہ ایران کیخلاف اسنیپ بیک کااستعمال نہیں کرسکتا۔یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوسف بورل نے کہا کہ امریکہ کسی بین الاقوامی جوہری معاہدے سے منسلک نام نہاد’’اسنیپ بیک‘‘ کے ذریعے ایران پر پابندیوں کی بحالی پر مجبور نہیں کرسکتا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ اعلان ایسے وقت میں کیا ہے جب امریکی صدر نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے ایران سے متعلق عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن شاید اس میں حصہ نہیں لے گا۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسلحہ کی پابندی میں توسیع کے لیے امریکی کوشش ناکام ہونے کے اگلے ہی روز ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم اسنیپ بیک کریں گے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ’آئندہ ہفتے آپ سب دیکھیں گے‘۔دوسری جانب سفارت کاروں نے کہا کہ امریکا کو ایسے کسی بھی اقدام میں سخت مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔واضح رہے کہ سفارتی سطح پر اسنیپ بیک ایک متنازع تکنیک ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ممالک کو ایران کے خلاف اسلحہ کی عالمی پابندیوں میں توسیع کے لیے مجبور کرسکتی ہے۔