کراچی (ٹی وی رپورٹ)18اگست 2018 کو وزیر اعظم عمران خان نے عہدے کا حلف اٹھایا ، دو برسوں میں ملکی معیشت اور اداروں کی کارکردگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے رہنما ن لیگ اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر ، پی ٹی آئی کے رہنما علی نواز اعوان نے پروگرام ”جیو پارلیمنٹ “میں شرکت کی ،پروگرام میں شامل عوامی رائے کے مطابق موجودہ حکومت نے غریب عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ ڈالا ، حکومتی کارکردگی کے حوالے سے عوام میں ملی جلی رائے پائے گئی جبکہ شہری پی ٹی آئی دور میں میڈیا کی آزادی پر بھی آواز بلند کرتے نظر آئے ۔ رہنما ن لیگ محمد زبیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگست 2018 کی تقریریں آج تک دہرائی جا رہی ہیں ، یہ کہتے ہیں ن لیگ نے بگاڑ پیدا کیا تو پی ٹی آئی نے 2020تک کیا کیا ؟دو سالہ کارکردگی پر پارٹی موقف پیش کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیر اعظم علی نواز اعوان نے کہاکہ وقت کے ساتھ ساتھ پالیسیوں کے ثمرات عوام کو نظر آنے لگیں گے ، سب سے پہلے پی ٹی آئی کو ورثے میں ملنے والے معاشی بحران کی بات کرنی چاہیے،ن لیگی دور کے درآمدات میں اضافہ، برآمدات میں کمی ڈالر کی قیمت میں اضافہ اور مالیاتی خساروں کے بعد آج ملکی معیشت بہتری کی راہ پر گامزن ہے ، قرضوں کی بدولت ملکی معیشت کو سہارا دینا ترقی کا ضامن نہیں ہو سکتا ، پی ٹی آئی نے معاشی بحران، لڑکھڑاتی خارجہ پالیسی اور کورونا جیسی صورتحال کے باوجود پاکستان کو مشکل حالات سے باہر نکالا ہے ۔ ن لیگی قرضوں سے بھرپور ، سبسڈی پر قائم معیشت ، بڑھتا کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا نظام چلاتے رہنا ہماری حکومت کے لئے کچھ مشکل نہیں تھا۔