لاہور(نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر جماعت اسلامی کے اسرائیل سے معاہدہ کےخلاف ملک بھر میں مظاہرے، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نےاس موقع پر راولپنڈی میں القدس مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے اسرائیل سے معاہدہ کرکے امت مسلمہ کے دل زخمی کردیئے ہیں،فلسطین کی مقدس زمین پر اسرائیل کا قبضہ ہے، پوری دنیا کے یہودیوں کو اکٹھا کرکے اس ناجائز ریاست میں آباد کیا گیا، آج اگر ہم بیت المقدس سے دستبردار ہوئے تو کل دنیا کشمیر سے بھی دستبردار کروا دے گی،فلسطینوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد چاروں صوبائی ہیڈ کواٹرز لاہور ،کراچی ،کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں مظاہرے اور القدس ریلیاں ہوئیں جن میں عوام نےکثیر تعداد میں شرکت کی۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کان کھول کر سن لے فلسطین پر سودے بازی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ فلسطین اور بیت المقدس امت مسلمہ کا مشترکہ مسئلہ ہےمگرعالم اسلام پر امریکا کے غلاموں کا ٹولہ مسلط ہے۔سب سے پہلے امریکا اور پھر روس نے اسرائیل کو تسلیم کیا جبکہ 1948سے لیکر آج تک کسی مسلم ملک نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بارے میں سوچا بھی نہیں۔آج اگر عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی بات کی ہے تو پوری امت مسلمہ کے دل زخمی ہیں۔ اسرائیل سے یہ معاہدہ دراصل ٹرمپ کی کامیابی ہے۔حکومت او آئی سی کا فوری اجلاس بلائے اور امارات کے معاہدے کو منسوخ کیا جائے۔پاکستان کے22 کروڑ عوام عرب امارات اسرائیل معاہدے کو مسترد کرتے ہیں۔آج اگر ہم بیت المقدس سے دستبردار ہوئے تو کل دنیا کشمیر سے بھی دستبردار کروا دے گی۔کشمیر و فلسطین دونوں ہمارے نظریاتی محاذ ہیں۔حکومت نے کچھ نہ کیا تو اگلا مارچ اسلام آباد کی طرف ہو گا۔ مودی نے کشمیر کو اپنی ریاست قرار دیکر اقوام متحدہ کی ان تمام قراردادوں کی نفی کی ۔اب مودی کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے بھارت سے ریٹائرڈ ہندوفوجی اور آرایس ایس کے غنڈوں کولاکھوں کی تعدا د میں لاکر کشمیر میں آباد کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اہل پاکستان آج اہل فلسطین و اہل غزہ کے ساتھ ہیں۔دوسری جنگ عظیم کی ایک سازش اسرائیل کا وجود تھا۔ برطانیہ نے سازش کے نتیجے میں اسرائیل کا ناپاک وجود قائم کیااور 1948 میں دنیا پر ایک ناجائز ریاست اسرائیل کے نام سے سامنے آئی ۔