پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 2 سال سے ملک پر تاریخ کے کرپٹ، نالائق اور نااہل حکمران مسلط ہیں۔
مریم اورنگزیب نے حکومت کی 2 سالہ کارکردگی پر رد عمل دیتے ہوئےکہا ہے کہ 2 سال سے ملک پر مافیا کی اور مافیا کے لیے حکومت مسلط ہے، تاریخ کی نالائق، نااہل اورکرپٹ ترین حکومت کے 2 سال مکمل ہونے پر عوام سے افسوس اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، مسلم لیگ ن کل حکومت کی بدترین کارکردگی پرحقائق نامہ جاری کرے گی۔
مریم اورنگزیب نےحکومتی کاکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دو سال اَن ریمارک ایبل وزیراعظم کی ریمارک ایبل ناکامی کی شاہکار داستان ہے، عمران صاحب کے وعدے سراب، ان کی اہلیت، قابلیت اور ایمانداری دکھاوا ثابت ہوئی، مختصروقت میں سلیکٹڈ وزیراعظم اورحکومت کی نااہلی، بدعنوانی بے نقاب ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ کشمیر، خارجہ پالیسی، معیشت ہر محاذ پر پاکستان حادثات، صدمات اور نقصانات کا شکار رہا، شکر ہے اپنی 2 سال کی بدترین کارکردگی پرعوام کو 2 منٹ کی خاموشی کا درس نہیں دیا۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ 2 سال میں حکومت نے جھوٹ بولنے اور عوام نے سننے کا ریکارڈ قائم کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ مافیا حکومت کی کارکردگی آٹا، چینی، اور پیٹرول چوری کرنا رہی، 2 سال پاکستان اور اس کے عوام کے لیے قیامت بن کر گزرے ہیں، مسلط کردہ حکومت نے2 سال میں مہنگائی، بیروزگاری، بھوک اور افلاس دی، 2018 میں 5.8 فیصد کی شرح ترقی 2020 میں 0.4 فیصد ہوچکی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قومی اور معاشی ترقی کا قتل کیا گیا اور قومی آمدن سکڑ کر رہ گئی ہے، 20 لاکھ لوگ بیروزگار اور80 لاکھ غربت کی لکیرسے نیچے دھکیلے جاچکے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ 2 سال میں پالیسی ریٹ 2.13 فیصد، صنعت اور کاروبار تباہ، افراط زر12 فیصد سے زائد شرح پر، خوراک 15 فیصد سے زائد مہنگی ہوئی، 2 سال میں ڈالر کی قیمت میں تاریخی اضافہ ہوا اور 2 سال میں مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 52 روپے فی کلو چینی آج 105 روپے سے زائد میں فروخت ہو رہی ہے، 2 سال میں ادویات کی قیمتوں میں 300 فیصد اضافہ ہوا اور 2 سال میں آٹا 35 سے 75 روپے کلو پہنچ ملکی تاریخ میں گندم کے سب سے بڑے ڈاکے کے ذمہ دار ہیں۔
مریم اورنگزیب مزیدکہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے نے عوام کی چیخیں نکلوادی ہیں۔
اُن کا وزیر اعظم عمران خان سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ عمران صاحب کا دور آزادی اظہار رائے، دستوری آزادیوں کے لیے سیاہ ترین رہا، 2 سال میں رائے کے اظہار، عدلیہ کی آزادی پر کاری ضرب لگی۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئینی جمہوری وفاقی طرز حکمرانی، پارلیمانی خودمختاری پر ضرب لگی، ان 2 سال میں شہریوں کے بنیادی حقوق سوالیہ نشان بن گئے، قانون سازی کے عمل کو نقصان پہنچایا گیا، مجالس قائمہ کو معطل کیا گیا۔
انہوں نے میڈیا سے متعلق بات کرتے ہوئےکہا کہ 2 سال سے میڈیا اور سیاسی مخالفین کا گلا گھونٹا جارہا ہے، 2 سال سے پارلیمان کا لاک ڈاؤن جاری ہے۔