• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کامسئلہ اسلام آباد اور لاڑکانہ سےحل نہیں ہو سکتا، خواجہ اظہار الحسن

ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ کراچی کا مسئلہ نہ اسلام آباد سے حل ہوسکتا ہے اور نہ لاڑکانہ سے۔

خواجہ اظہار الحسن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بائیس سال سے کہہ رہے ہیں کہ کراچی کے مسائل کا حل کراچی والوں کو پتا ہے ، کراچی شہر سونے کا انڈا دینے والی مرغی تختہ مشق بن چکی ہے ، کراچی میں تمام شعبہ زندگی کے افراد نے احتجاج کیا تو خدا خدا کرکے ایک کمیٹی قائم کی گئی ۔

خواجہ اظہار نے کہا ہے کہ کل تک بڑے سکون سے ہنسی خوشی سب رہ رہے تھے، اچانک 12 گھنٹے میں کیا ہوا وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی صفائی کے مسئلے کو سندھ کا مسئلہ بنادیا، مراد علی شاہ نے بجٹ تقریر میں این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او کی تعریف کی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب نالوں سے پانی نکالنا ہو تو فوج کے واٹر پمپس آپ کو چاہیے ہوتے ہیں، یہ کمیٹی کمیٹی کراچی کے مسئلے کا وقتی حل ہے مستقل حل نہیں ۔

خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ اس وقتی حل پر بھی وفاق اور سندھ حکومت ایک پیج پر نہیں، یہ ایگزیکٹیو اتھارٹی ہے کہاں ؟ ۔

اُن کا کہنا تھا کہ 70فیصد کراچی میں گٹر ابل رہے ہیں، 4 تصویریں دکھا کر سمجھ رہے ہیں کارنامہ سر انجام دیا، آپ تو خود کراچی کو سندھ سے علیحدہ کر رہے ہیں آپ کی پالیسی علیحدہ کررہی ہے، جب پوچھا جائے کراچی سے لیا کیا تو سندھ خطرے میں آجاتا ہے۔

خواجہ اظہار الحسن نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے تاجر برادری اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کیا ہے، ہم شکر گزار ہیں کہ این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او نے کراچی کی مدد کی۔

تازہ ترین