• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلیم ملک نے ایک مرتبہ پھر پی سی بی کو جواب جمع کروادیا


قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ایک مرتبہ پھر جواب جمع کروادیا۔

سابق کرکٹر سلیم ملک جواب جمع کروانے پی سی بی ہیڈ کوارٹرز پہنچے تو انہیں مرکزی دروازے پر 12 منٹ انتظار کرنا پرا جس پر وہ خاصے برہم تھے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم ملک کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ نے اب تک کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دو سو صفحات پر مشتمل نوٹس کا کیا جواب دوں؟ یہ سب من گھڑت ہے، اگر ریکارڈنگز ہیں تو وہ کیوں نہیں دی جاتیں۔

سلیم ملک نے سابق کپتان راشد لطیف پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو خراب کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ اُنہوں نے ذاتی مفاد کے لیے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ مختلف چالیں چلیں، اُنہیں ڈرایا دھمکایا، ان کے بارے میں عطاء الرحمٰن جو کہہ رہا ہے درست کہہ رہا ہے۔

سلیم ملک کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کا معاملہ پی سی بی نے خود بنایا ہوا ہے اگر کوئی مسئلہ ہوتا تو آئی سی سی مجھے بھی خط لکھتا جبکہ آئی سی سی نے آج تک اُن سے رابطہ ہی نہیں کیا۔

سلیم ملک نے کہا کہ اگر 15 روز میں پی سی بی نے جواب نہ دیا تو ان کے پاس کئی آپشنز ہیں۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے سلیم ملک سے آئی سی سی کے ٹرانسکرپٹ کا جواب جمع کروانے کے لیے کہا تھا۔

تازہ ترین