اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو تھپٹر مارنے کی خبر فضول اور قطعی طور پر بے بنیاد ہے جس میں کوئی حقیقت نہیں ۔ یہ بات وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج منگل کو اسلام آباد میں میڈیاسے باتیں کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے نہ تو اعظم خان کو کوئی تھپڑ مارا اور نہ ہی بدمزگی کا کوئی واقعہ پیش آیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل متعددمیڈیا چینلز اور سوشل میڈیا پریہ خبر سامنے آئی تھی کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی ہے۔خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شاہ محمود قریشی کووزیر اعظم کے آفس کے باہر پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے روک دیا تھا جس پر یہ واقعہ پیش آیا تاہم اب شاہ محمود قریشی نے اس خبرکی واضح طور پر تردیدکردی ہے۔